حکومت کو ٹف ٹائم

حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اپوزیشن ایک بار پھر متحرک

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے اپوزیشن ایک بار پھر متحرک ہوگئی ہے،پیپلزپارٹی اور جے یو آئی نے جلد اے پی سی بلانے پر غور شروع کردیا ہے،

ذرائع نے بتایا کہ حکومت مخالف تحریک کی حکمت عملی کے لئے پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور اکرم درانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے ،دونوں رہنماﺅں نے جلد اسلام آباد میں ملاقات پر اتفاق کیا ہے ،اس ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر مشاورت ہوگی،ملاقات میں اختر مینگل کی حکومتی اتحاد سے علیحدگی سمیت دیگر اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے بجٹ اور کورونا کی صورتحال پر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر پیپلز پارٹی رہنماوں نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے لئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے

،پیپلز پارٹی کی جانب سے چھ رکنی اے پی سی کمیٹی نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں رابطے کرنے والی چھ رکنی کمیٹی میں نیر بخاری، راجہ پرویز اشرف اور شیری رحمان،رضا ربانی، فرحت اللہ بابر اور نوید قمر شامل ہیں پیپلز پارٹی کے رہنما نیر بخاری کے مطابق کوروناکے حوالے سے حکومت نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے،

بجٹ میں کورونا کے پیش نظر کوئی اقدامات نہیں ہیں موجود صورتحال کے حوالے سےسیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں اورجلد ہی ملک بھر کی جماعتوں کی اے پی سی بلائیں گے