سیف الملوک کھوکھر 17

حکومت کفایت شعاری ،دیگر مدوں میں کٹوتی کر کے عوام کو بوجھ سے بچانے کیلئے کوشاں ہے ‘ سیف کھوکھر

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی بے پناہ مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے ، قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی رہنمائی میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستانی عوام کو جنگ کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ قابل ستائش ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھوکھر پیلس میں ملاقات کے لئے آنے والے علاقہ عمائدین اور لیگی کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک میں بھی نہ صرف پیٹرولیم کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے بلکہ پیٹرول پمپوں پر میلوں لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، پاکستانی قیادت کی دور اندیشی اور بروقت اقدامات سے پاکستان میں الحمد اللہ ایسی کوئی صورتحال نہیں ۔

وفاقی اور پنجاب حکومت کفایت شعاری اور بہت سی مدوں میں کٹوتی کر کے عوام کو معاشی بوجھ سے بچانے کے لئے کوشاں ہیں ۔ ان شا اللہ پاکستانی قوم اپنے مضبوط عزم اور اتحاد سے ان مشکلات سے نبرد آزما ہو گی اور جلد ملک میں ترقی اور خوشحالی کے دور کا دوبارہ آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ معاشی بوجھ کو عام عوام کی بجائے اشرافیہ کی جانب منتقل کیاجائے ،یقینی طور پر وسائل رکھنے والے لوگ اس کڑے وقت میں کھلے دل کے ساتھ حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں