سرگودھا (آن لائن) بلدیاتی اداروں میں سیاسی اور بااثر شخصیات کے ایماء پر بلڈنگ انسپکٹروں کی پرکشش پوسٹوں پر غیر قانونی تعینات ملازمین کی وجہ سے اربوں روپے کی کمرشل، زرعی اور گھریلو نقشہ جات کی فیسوں میں سرکار کو کروڑوں روپے کے نقصان کا انکشاف، حکومت پنجاب نے ہنگامی بنیادوں پر بلڈنگ انسپکٹرز کی نئی تعیناتیوں کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے بلدیاتی اداروں، میٹروپولٹین، میونسپل کارپوریشن، ٹاون کمیٹیز، تحصیل کونسل اور سابقہ ضلع کونسل میں بلڈنگ انسپکٹران، ٹیکنیکل انسپکٹران کی مجموعی طور پر ڈیڑھ سو سے زائد خالی پرکشش آسامیوں پر دیگر بااثر ملازمین نے سیاسی اور دیگر ذرائع استعمال کرکے غیر قانونی تعیناتیاں کروارکھی تھیں۔
اعلی سطحی رپورٹ جس میں انکشاف کیا گیا کہ ان تعیناتیوں کی وجہ سے کمرشل، زرعی اور گھریلو نئی رہائشیوں سمیت کنورڑن فیس و دیگر بلڈنگ فیسوں میں بے ضابطگیاں کرکے حکومت پنجاب کو بھاری نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ اس رپورٹ کی روشنی میں حکومت پنجاب نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے بلدیاتی اداروں سے بلڈنگ انسپکٹرز، ٹیکنیکل انسپکٹرز کی خالی پوسٹوں کی تفصیلات طلب کیں۔ ان خالی پوسٹوں پر نئی تعیناتیاں کرنے کیلئے احکامات پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔