حبیب الرحمن زبیری 76

حکومت میڈ ان پاکستان مہم کا آغاز کرے ‘ حبیب الرحمن زبیری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں خوراک پر ٹیکسز کی شرح کم کرے تاہم جو درآمدی خوراک ،پھل کھانا اور فرنیچر اور کراکری استعمال کرنا چاہتے ہیں ان پر ٹیکسز کی شرح اسی تناسب سے بڑھائی جائے ،حکومت سے اپیل ہے کہ میڈ ان پاکستان مہم کا آغاز کیا جائے ،

حکومت یہ خوشخبری دے رہی ہے کہ عوام کو بجٹ میں ریلیف دیا جائے گا لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پری بجٹ تجاویز کے حوالے سے منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے صدر قاری زوہیب الرحمن زبیری ،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدر واصف علی اویس،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری،فنانس سیکرٹری سیف الرحمن زبیری،جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمناور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے رواں سال فروری میں پیش کئے جانے والے منی بجٹ میں اضافی سیلز ٹیکس کی شرح وفاقی بجٹ میں بھی برقراررکھنے کی تجویز دی گئی ہے جو بوجھ ہے ،روزمرہ استعمال کی اشیا ء پر سیلز ٹیکس 18 فیصد پر برقرار رکھے جانے کا امکان ہے،حکومت سے اپیل ہے کہ اس میں کیٹگری بنائی جائے اور خاص طو رپر خوراک پر ٹیکسز کی شرح کم کی جائے،غریب طبقات پس چکے ہیں انہیں ریلیف دینے کیلئے سکیمیں لائی جائیں ۔ حکومت کا یہ کہنا کہ اس کے پاس ڈیٹا موجود ہے اور غریب طبقات کو مختلف پروگراموں کے ذریعے سپورٹ دی جاتی ہے سفید جھوٹ ہے اس کے لئے ڈیٹا کو از سر نو مرتب کیا جائے ،

حکومت ایسا بجٹ پیش کرے جس سے گھریلو سطح پر اور چھوٹے کاروبار ترقی کریں تاکہ لوگ روٹی کمانے کے لئے آمدن حاصل کر سکیں ، ایسے کاروبار کے لئے بلا سود قرضے دئیے جائیںاور بجلی اور گیس کے بلوں میں کچھ رعایت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے تمام کمرشل صارفین کے لیے ٹیکس گوشوارہ لازمی قرار دینے کی تجویز خوش آئند ہے ،حکومت کمرشل صارفین کیلئے ایک صفحے کا ٹیکس گوشوارہ تیار کرے ۔پوائنٹ آف سیلز مشینوں کا دائرہ کار بڑھایا جائے تاکہ ٹیکس چوری رک سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں