لاہور (رپورٹنگ آن لائن)انصاف ویلفیئرنگ ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کے اثرات کی زد میں آنے والے طبقات کو ریلیف کی فراہمی اور معیشت کی دوبارہ بحالی بڑا چیلنج ہے لیکن حکومت اس کیلئے پرعزم ہے ،
مشکل کی اس گھڑی میں اپوزیشن کو جو کرداراداکرناچاہیے تھااس نے وہ ادانہیں کیا ،امداد کی شفافیت کے ساتھ تقسیم کو یقینی بنانے کےلئے سخت جانچ پڑتال کا میکنزم بنایاگیا ۔
حلقہ این اے 127سمیت وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماﺅںسے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستان کا شمار ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے کوروناوائرس کے اثرات کی زدمیں آنے والے غریب طبقات کو ریلیف کی فراہمی کے لئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا اور انشااللہ جب تک یہ اپنے پاﺅں کھڑے نہیں ہو جاتے حکومت اپنی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹے گی ۔
انہوںنے کہا کہ معیشت کی بحالی بڑا چیلنج ہے لیکن حکومت اس کےلئے پرعزم ہے اور اس کے لئے اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں ، تعمیراتی شعبے کوصنعت کا درجہ دینا ،برآمدی اور زراعت سمیت دیگر شعبوں کے لئے اربوں روپے کا پیکج اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن نے مشکل کی اس گھڑی میں قوم میں اتحاد پیدا کرنے کی بجائے تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی۔ حکومت کے بروقت اقدامات کو سراہنے کی بجائے اپنی سیاست کو چمکانے کےلئے ڈرامے کئے گئے جس سے ان کا عوا م میںچہرہ بے نقاب ہوچکاہے