لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران نے کہا ہے کہ حکومت معیشت میں کردار ادا کرنے والے تمام اسٹیک ہولڈرز خصوصاًتمام ایسوسی ایشنزکے نمائندوں سے موثر رابطوں کے لئے با اختیار فوکل پرسنز مقرر کرے،کاروبار کرنے والا ہر شخص معیشت کی ترقی چاہتا ہے اور اس کیلئے ہر ممکن کردار بھی ادا کیا جارہاہے لیکن ہیجان کی فضا بدستوربر قرار ہے جسے ختم کرنے کے لئی حکومت تمام اسٹیک ہولڈرزسے ملاقاتوںاور رابطوں کا سلسلہ بڑھائے تاکہ حالات سے آگاہی حاصل ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں مختلف مارکیٹوں کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مرکزی صدر اشرف بھٹی،سیکرٹری جنرل محبوب سرکی ،لاہور کے صدر میاں طارق فیروز، سینئر نائب صدر میاں سلیم، جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ ،چیئرمین انجمن تاجران لاہور حافظ عطا اللہ او روائس چیئرمین ملک ناظم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ معیشت کی ترقی کے لئے روایتی طریقوں کی بجائے مرحلہ وار جدت کی طرف بڑھاجائے ، ٹیکسیشن کے نظام کو آٹو میشن پر لایا جائے جبکہ نئی انڈسٹری اور کاروبار میں درجنوں محکموں کے کردارکو محدودکر کے اسے ون ونڈو کی طرز پر شروع کیا جائے ۔
انہوںنے کہا کہ حکومت معیشت کی ترقی کے لئے چھوٹی انڈسٹری کی سرپرستی کرے جس سے حکومت پر بغیر کسی بوجھ کے بغیرروزگار کے مواقع پیداہوں گے اورمعیشت بھی ترقی کرے گی۔ ایف بی آر کی مشینری کاروبار کرنے والوں کو بلا جواز ہراساں کر رہی ہے جس کی روک تھام کیلئے عملے کی سخت مانیٹرنگ کی حکمت عملی مرتب کی جانی چاہیے ۔









