سہیل آفریدی 13

حکومت مستقبل میں بھی سرکاری ملازمین کیلئے رہائشی منصوبوں کو وسعت دیگی ،ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات کاعمل تسلسل کیساتھ جاری رکھا جائیگا،سہیل آفریدی

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے سرکاری ملازمین کے لیے نئے تعمیر کیے گئے رہائشی فلیٹس کا باضابطہ افتتاح کر دیاہے۔ یہ فلیٹس سول کوارٹرز پشاور میں فیز II کے تحت تعمیر کیے گئے ہیں، جن میں ایک ہزارمربع فٹ پر مشتمل 96 جدید اور معیاری رہائشی یونٹس شامل ہیں۔

منصوبے پر مجموعی طور پر 886.506 ملین روپے لاگت آئی ہے۔افتتاح کے موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ مجموعی طور پر 6.91 کنال رقبے پر محیط ہے، جس میں بیسمنٹ اور چار منزلہ عمارت شامل ہے،ہر منزل پر 24 فلیٹس تعمیر کیے گئے ہیں۔ ان رہائشی فلیٹس میں بجلی، پانی، گیس، سکیورٹی، پارکنگ اور دیگر تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ رہائش کے معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق سرکاری ملازمین کو باوقار اور معیاری رہائش کی فراہمی کے ذریعے کارکردگی، اطمینان اور ادارہ جاتی استحکام کو فروغ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مستقبل میں بھی سرکاری ملازمین کے لیے رہائشی منصوبوں کو وسعت دے گی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات کاعمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی تاکہ سرکاری ملازمین اور شہریوں کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے عمل میں مزید بہتری لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو حکومت قیمتی اثاثہ سمجھتی ہیں اور ان کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باعزت اور محفوظ رہائش ملازمین کی ذہنی آسودگی اور بہتر کارکردگی کی بنیاد فراہم کرتی ہے، اور اسی سوچ کے تحت یہ جدید رہائشی فلیٹس تعمیر کیے گئے ہیں تاکہ سرکاری ملازمین کو ایک بہتر اور پْرامن ماحول میسر آ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں