رانا تنویر حسین

حکومت بہت جلد ٹیکسز میں بھی کمی لانے جارہی ہے ‘رانا تنویر حسین

مریدکے(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر صنعت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمت کم کرکے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے اور دل جیت لئے ہیں ۔

ممتاز مذہبی سماجی شخصیت تنظیم الاخوان کے مرکزی رہنما قاری محمد رمضان کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آج تک عوام سے جو بھی وعدہ کیا وہ پورا کیا ہے ، بجلی کی قیمتیں کم کرکے عوام کے دل جیت لئے ،عوام کی بہتری کیلئے حکومت دن رات کوشاں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت کم ہونے سے معیشت کی بحالی میں بہتری آئے گی ،معیشت کا پہیہ چلے گا تو ملک میں معاشی خوشحالی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی اور زراعت کی بہتری رہی ہے جس کے اقدامات سب کو نظر آرہے ہیں اور اس کے بہت اچھے نتائج سامنے آئیں گے ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے شرح سود بیس سے بارہ فیصد پر لائے ،ٹارگٹ صفر تک لانا ہے ،حکومت بہت جلد ٹیکسز میں بھی کمی لانے جارہی ہے ،حکومت کی پالیسی ہمیشہ تاجر کسان اور صنعتکار دوست رہی ہے ،قائد میاں نواز شریف کی یہی ہدایات ہیں کہ عوام کو ہر طریقے سے ریلیف ملنا چاہئے۔