لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نئے ٹیکسز لگانے کی بجائے سیلز ٹیکس کو سنگل ڈیجٹ میں لائے کیونکہ ملک اور عوام اب مزید ٹیکسوں کے متحمل نہیں ہو سکتے ،ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معیشت کی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے جس سے ہیجان اور خوف کی فضا ء پروان چڑھ رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ”ملک کے ابتر ہوتے معاشی حالات اور ہماری پالیسیاں ” کے موضوع پر مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر ٹیل کے صدر قاری زوہیب الرحمن زبیری ،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدر واصف علی اویس،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری،فنانس سیکرٹری سیف الرحمن زبیری،جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن،صدیق بٹ،محمد شفیق راجپوت ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے ۔
انہوں نے کہاکہ صرف پوائنٹ آف سیلز سسٹم پرفوکس کرکے اس سسٹم میں پائی جانے والی خرابیاں دور کی جائیں 2023 کے گوشواروں کی تعداد ڈھائی کروڑ سے تجاوز کر جائے گی اور بجٹ کا تخمینہ20ہزار ارب بھی ہوا تو وہ پورا ہو گا۔ملک بھر ڈیڑھ کروڑ سے زائد بڑی دکانیں اور دو کروڑ سے زائد چھوٹی دکانیں ہیں جنہیںسسٹم میں لانے کی ضرورت ہے اس لئے نیک نیتی اور ایمانداری سے پی او ایس پر کام کیا جائے تو انتہائی متاثر کن نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔








