اشرف بھٹی

حکومت ایف بی آر میں اصلاحات ،ٹیکسز کو سنگل ڈیجٹ میں لے کر آئے ‘ اشرف بھٹی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت ایف بی آر میں اصلاحات اور ٹیکسز کو سنگل ڈیجٹ میں لے کر آئے ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کاگرانٹس اور مالی فوائد کی فراہمی کیلئے دکانوں، ورکشاپس ، پیٹرول پمپس ، فیکٹریوں اور چھوٹے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن شروع کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے لیکن یہ مانیٹرنگ بھی ہونی چاہیے.

حکومت کے اس اقدام کو سرکاری اہلکار بلیک میلنگ کے لئے استعمال نہ کریں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل ہے کہ ایف بی آر میں اصلاحات کی جائیں ، اس کی عوام دوست ادارے کے طور پر پہچان بنائی جائے تاکہ لوگ رضا کارانہ طور پر ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں۔ ٹیکسز کی تعداد اورشرح کا زیادہ ہونا بھی ٹیکس نیٹ کے نہ بڑھنے کی بڑی وجہ ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ دکانوں، ورکشاپوں ، فیکٹریوں ، پٹرول پمپس اورچھوٹے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن کا فیصلہ درست اقدام ہے اس سے ان کی درست تعداد سامنے آئے گی ، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی جانب سے لیبر کے لئے راشن کارڈ پروگرام کا جامع پلان طلب کرنا بھی قابل تحسین ہے ۔