حکومت 139

حکومت آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالرکے حصول کیلئے معیشت ،عوام کاگلہ گھوٹنے جارہی ہے ‘اشرف بھٹی

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کو 30روپے تک اور بجلی کے بنیادی ٹیرف میںاضافے کے عندیے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ وفاقی وزراء صرف آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کو عوام تک پہنچانے کیلئے ترجمان کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں،حکومت ایک ارب ڈالرکے حصول کیلئے معیشت اورعوام کا گلہ گھوٹنے جارہی ہے جس کے منفی اثرات بدحالی میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے اپنے دفتر میںہنگامی اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب علی سرکی ،میاںطارق فیروز،شہزاد بھٹی سمیت مختلف مارکیٹوںکے عہدیدار بھی موجود تھے۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں پہلے ہی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں اور بنیادی ٹیرف میں اضافے سے بلوںکی ادائیگی کرنا مشکل ہو جائے گا،ہر ماہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں اضافے کے نام پر اربوں روپے الگ سے ہتھیائے جارہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لئے پیٹرولیم پر لیوی کو 30روپے تک بڑھانے کاعندیہ قابل تشویش ہے اوراب تو ابترحالات اورمہنگائی کی وجہ سے عوام اورتاجروں کی راتوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ وفاقی وزراء آئی ایم ایف کے ترجمان کی ذمہ داری نبھانے کی بجائے جن کے ووٹوںسے اقتدارمیں آئے ہیں ان کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالیں وگرنہ انہیں عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں