محمد جاوید قصوری 42

حکومتی نااہلی، معاشی بحران اور ناقص پالیسیوں نے عوام کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومتی نااہلی، معاشی بحران اور ناقص پالیسیوں نے 25کروڑ عوام کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے،موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں کے باعث ملک مسلسل قرضوں کے بوجھ تلے دبتا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف قومی خودمختاری متاثر ہو رہی ہے بلکہ ترقی اور خوشحالی کے امکانات بھی معدوم ہوتے جا رہے ہیں،ایران نے امریکہ اور اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ جرات مند قوم دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت کا بھی مقابلہ کر سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو چلانے کے لیے اندرونی و بیرونی قرضوں پر انحصار کر رہی ہے، جو کہ کسی بھی صورت دیرپا حل نہیں۔ قرض لے کر معیشت کو سہارا دینا وقتی ریلیف تو دے سکتا ہے، مگر اس سے عوام کی زندگیوں میں حقیقی بہتری نہیں آ سکتی۔ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، جبکہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں میں مصروف ہے۔محمد جاوید قصوری نے زور دیا کہ مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کے لیے حکمرانوں کو سب سے پہلے کفایت شعاری کا آغاز اپنے گھر سے کرنا ہوگا۔ سرکاری اخراجات میں کمی، پروٹوکول کلچر کا خاتمہ اور غیر ضروری مراعات کا سدباب وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ اس سے عوامی بے چینی اور اضطراب میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور بڑی مشکل سے جسم کا رشتہ روح سے برقرار رکھنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرے اور ایسی پالیسیاں تشکیل دے جو عام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لائے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی منصوبہ بندی کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تو عوام کا ردعمل مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں