لاہور (رپورٹنگ آن لائن) تحریک انصا ف کے رہنما امیدوار حلقہ پی پی 160 ڈاکٹر شاہد صد یق نے کہاکہ حکمران انتقامی سیاست کی بجائے ملکی مفادات کو ترجیح دیں،پی ڈی ایم انتشار کی سیاست کررہی ہے ملکی حالات اور خراب معیشت کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے،عمران خان کو مقدموں میں الجھا کر انتخابی مہم سے روکنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہو ں نے پی پی 160میں ڈور ٹو ڈور اپنی انتخابی مہم کے دوران شہریو ں سے گفتگوکر تے ہوئے کیا ۔
انہو ں نے کہاکہ گیارہ ماہ کی حکومتی کارکردگی سے توجہ ہٹانے کی خاطر عمران خان کی گرفتاری کو معمہ بناکر ملک میں افراتفری کی صورتحال پیدا کردی گئی ہے عمران خان بہادر،دلیر،نڈر اور پاک وطن سے محبت کرنے والا اسلام پسند لیڈر ہے اس نے کال نہیں دی مگر اس کے باوجود کارکن اس کی رہائشگاہ زمان پارک میں اس کی حفاظت کیلئے کھڑے ہیں ۔ انہو ں نے کہاہے کہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے قوم مائنس ون فارمولا نہیں مانتی جبکہ کپتان کیخلاف بے بنیاد ، من گھڑت مقدمات سے موجودہ حکومت کی بوکھلاہٹ ، انتقامی سیاست اور بغض سے بھرا روپ بھی قوم کے سامنے عیاں ہوچکا ہے حکومت اپنی غلط پالیسیوں اور اقتدار بچانے کیلئے ملک کو کمزور کر رہی ہے۔