مسرت جمشید چیمہ

حکمران اقتدار کے نشے میں من مانیاں کر رہے ہیں ،جلد کڑی گرفت میں آئینگے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں آئین و قانون موجود نہیں ، حکمران طاقت اور اقتدار کے نشے میں من مانیاں کر رہے ہیں لیکن یہ بہت جلد کڑی گرفت میں آئیں گے ، جیل میں ہونے کے باوجود عمران خان کی مقبولیت کا گراف اوپر گیا ہے کیونکہ عوام جانتے ہیں عمران خان ایماندار ،سچا اور کھرا لیڈر ہے ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکمران ٹولہ عوام کے دلوں میں جگہ بنانے کیلئے جبر اور ظلم کے حربے استعمال کر رہا ہے لیکن ناکامی ان کا مقدر ہے ، عمران خان کے دئیے گئے شعور کی وجہ سے عوام اب حق سچ کی بات کہنے سے ذرا بھی خوف نہیں کھاتے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران آئین و قانون کو پس پشت ڈال کر من مرضی کے فیصلے کر رہے ہیں لیکن یہ زیادہ دیر نہیں چلے گا کیونکہ عوام اب حقیقت سے آگاہ ہیں اور وہ ان سے سوال کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان آج بھی ملک کے سب سے مقبول سیاسی لیڈر ہیں ، جیل کی سلاخوں کے پیچھے موجود عمران خان کی مقبولیت کا گراف جس تیزی سے اوپر جارہا ہے اس سے حکمرانوں کی راتوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔