اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حضرت محمد ۖرہتی دنیا تک انسانیت کے لئے ہدایت کا سرچشمہ ہیں،ان کی سیرتِ طیبہ ہمیں ہر شعبہ زندگی میں رہنمائی فراہم کرتی ہے، موجودہ دور میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے بحیثیت ِقوم اور بحیثیت امت ِمسلمہ اسو ةحسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے 12ربیع الاول 1446ھ/2024ء کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کیا۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے پوری قوم کو 12 ربیع الاول کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس ماہ مبارک میں ہمیں اپنے محبوب خاتم النبین حضرت محمد ۖ کی ولادت کی صورت میں عظیم نعمت عطا فرمائی۔ آپ ۖرہتی دنیا تک انسانیت کے لئے ہدایت کا سرچشمہ ہیں،یہ دن ہر مسلمان کے دل میں عشق ِرسول ۖ کی شمع روشن کرتا ہے اور ہمیں اس پیغام کی یاد دلاتا ہے جو ظلمت کو مٹاکر مینار نور بنا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ۖ کی زندگی کو ہمارے لیے بہترین نمونہ قرار دیا۔ آپۖکی سیرتِ طیبہ ہمیں ہر شعبہ زندگی میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ آپ ۖنے عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کیا جہاں ہر فرد، چاہے وہ امیر ہو یا غریب، عزت و وقار کے ساتھ رہ سکتا تھا۔ آج ہمیں بحیثیت ِقوم اور بحیثیت امت ِمسلمہ ان کے اسوة حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے تاکہ ہم موجودہ دور میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ رسول اللہ ۖ نے ارشاد فرمایا کہ بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں کو نفع پہنچائیچنانچہ اس مبارک موقع پر، ہمیں نبی اکرم ۖکے انسانیت سے محبت اور ہمدردی کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ آپۖنے ہمیشہ دوسروں کی مدد اور نصرت کا درس دیا چاہے۔
یتیموں کا خیال ہو، غریبوں کی مدد ہو یا بیماروں کی تیمارداری، آپۖکی زندگی ہر لمحے انسانیت کی خدمت کا عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ۖ نے ہمیں یہ سکھایا کہ ظلم کے خلاف آواز اٹھانا اور مظلوم کی مدد کرنا ایمان کا حصہ ہے، آج دنیا تقسیم اور ظلم و زیادتی کا شکار ہے،ہمیں نبی اکرمۖ کے پیغام کو پھیلانا ہے جو محبت، رواداری اور انسانی حقوق کا ضامن ہے۔ انہوں نے ہر انسان،چاہے وہ مسلمان ہو یا غیر مسلم کے ساتھ احترام اور عزت کا سلوک کیا۔ ہمیں بھی اسی جذبے کے تحت دنیا بھر میں بھائی چارے، عدل اور محبت کو فروغ دینا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آئیے اس مبارک دن کو انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کریں اور نبی اکرم ۖ کی تعلیمات کو اپنے عمل کا حصہ بنائیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے اور ہمیں نبی کریمۖ کی سیرت ِطیبہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔