شرجیل انعام میمن 145

حا لیہ بارشوں اور سیلاب سے انسانی المیہ برپا ہوا ہے،شرجیل انعام میمن

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے انسانی المیہ برپا ہوا ہے، سیلاب متاثرین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے جاری پریس بیان میں کہا کہ تمام این جی اوز ، مخیر حضرات ، فلاحی تنظیموں اور رضاکارانہ خدمات انجام دینے والوں سے اپیل ہے کہ پی ڈی ایم اے کے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے نمبر 1736 اور موبائل فون نمبرز2497362-0333 اور 5557362-0335 سے کوآرڈینیشن کے لیے رابطہ کیا جائے تاکہ امدادی کارروائیاں کچھ علاقوں تک محدود نہ رہیں بلکہ دور دراز کے متاثرین کو اس مشکل گھڑی میں مدد یقینی بنائی جاسکے۔

شرجیل انعام میمن نے کہاکہ بیشک مخیر حضرات اور فلاحی ادارے اپنے اطمینان اور اپنے طریقے سے متاثرین کی مدد کریں، ایمرجنسی آپریشن سینٹر ، فلاحی تنظیموں اور مخیر حضرات کا رابطہ ضلعی انتظامیہ سے یقینی بنائے گا، تاکہ انہیں رہنمائی فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے، گڈو بیراج پر پانی کی آمد 83200 اور اخراج 71900 کیوسک ہے۔ سکھر بیراج پر آمد 80000 اور اخراج 70400 کیوسک ہے، اسی طرح کوٹری پر آمد 22200 اور اخراج 191600 کیوسک ہے۔ شرجیل انعام میمن نے مزید کہاکہ سیلاب سے 745 قیمتی جانوں کا نقصان ہو چکا ہے، حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے 8422 افراد زخمی ہوئے ہیں، 355836 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 1076056 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے ، جبکہ 739897 مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں، مجموعی طور پر 2263935 خاندان حالیہ قدرتی آفت سے متاثر ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاکہ مجموعی طور پر 7252290 افراد بے گھر ہوئے ہیں، متاثرین کو اس وقت تک 305662 خیمے ، 294260 پلاسٹک ترپال ، 2365677 مچھردانیاں ، 749762 لٹر منرل واٹر ، 42175 جیری کینس ، 47800 سلیپنگ میٹس اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے، جبکہ 812318 خاندانوں کو راشن بیگز دیئے گئے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں