لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب نے پنجاب کی زرعی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور اس سے کسان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ،سیلاب کے دوران جن کسانوں کی زمینیں دریا برد ہوئی ہیں ان پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سیلاب سے زراعت کو جو نقصان ہوا ہے اس کے اثرات ابھی سامنے آئیں گے اس لئے حکومت کو پیشگی منصوبہ بندی کرنی چاہیے تاکہ عوام پر کوئی بوجھ نہ پڑے ۔ یہی وہ موقع پر جب بیورو کریسی کو دستیاب ذخائر اور آئندہ کی پیداوار کے حوالے سے درست تخمینہ لگانا ہوگا تاکہ ناجائز ذخیرہ اندوز اور منافع خور مشکل صورتحال سے فائدہ نہ اٹھاسکیں۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سیلاب اترنے کے بعد مسائل ختم نہیں ہوئے بلکہ اصل امتحان اب شروع ہوا ہے جس کے لئے سب کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا چاہیے ۔ کلائمیٹ چینج کے حوالے سے جو رپورٹس سامنے آرہی ہیں پاکستان کو مستقبل میں اس طرح کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لئے بھی پیشگی حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے اور اس کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات نا گزیر ہیں۔