کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ حافظِ قرآن وہ عظیم لوگ ہیں جو قرآنِ کریم کو اپنے دلوں میں محفوظ رکھتے ہیں، جبکہ اسلام کی ابتدا ہی علم کے حکم سے ہوئی، اس لیے دینی اور دنیاوی تعلیم کا حصول ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے کانووکیشن2026 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دنیا اور پاکستان میں دہشت گردی کی سب سے بڑی وجہ جہالت ہے اور اس کا خاتمہ صرف علم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک بھی اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ رسولِ اکرم ۖ کی سیرتِ طیبہ پوری دنیا کے لیے امن اور انسانیت کا پیغام ہے، جبکہ اسلام خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا طاقتور بھارت کو شکست دی، جس کا صدمہ وہ آج تک برداشت کر رہا ہے۔
اگر بھارت نے دوبارہ پاکستان کے خلاف مہم جوئی کی تو پاک افواج، ریاستی ادارے اور عوام منہ توڑ جواب دیں گے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آج امریکا اور اس کا صدر پاکستان کے وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کی تعریف کر رہے ہیں، جو ملک کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں فائر سیفٹی سے متعلق مفت تربیتی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے تمام ایسوسی ایشنز اور مارکیٹ تنظیمیں گورنر ہاؤس سے رابطہ کر سکتی ہیں۔ تقریب سے وفاقی وزیر احسن اقبال اور سعودی عرب، برطانیہ، عمان، ملائیشیا اور تھائی لینڈ سمیت دیگر ممالک کے قونصل جنرلز نے بھی خطاب کیا۔






