مشرق وسطیٰ 46

جنگ کے خلیجی ممالک میں پھیلنے پر تشویش ہے ، چینی ایلچی

دبئی (رپورٹنگ آن لائن) چینی حکومت کے امور مشرق وسطیٰ کے خصوصی ایلچی زائی جون نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔

بدھ کے روز عبداللہ بن زاید النہیان نے خطے کی موجودہ صورتحال اور متحدہ عرب امارات کے موقف سے آگاہ کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات جنگ میں فریق نہیں ہے اور ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کوشاں رہا ہے ،اسے حملوں کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے چین کے منصفانہ موقف کو سراہا اور چین کے اہم کردار کو انتہائی اہمیت دی۔عبداللہ بن زاید النہیان نے خطے میں ثالثی کے لیے زائی جون کے دورے کو خوش آمدید کہا اور چین کے ساتھ مل کر خطے کی کشیدہ صورتحال میں کمی کے لیے تعاون کی خواہش ظاہر کی۔

زائی جون نے کہا کہ چین کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ موجودہ جنگ خلیجی ممالک میں پھیل رہی ہے۔ چین ہمیشہ یہ یقین رکھتا ہے کہ خلیجی ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے اور کسی بھی شہری یا غیر فوجی اہداف پر حملے کی مذمت کی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں جنگ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے، جنگ بندی اور مذاکرات موجودہ مشکلات سے باہر نکلنے کا بنیادی راستہ ہے۔

زائی جون نے تنازع کے آغازکے بعد ، متحدہ عرب امارات کے محتاط اور ذمہ دارانہ رویے کی تعریف کی اور کہا کہ چین متحدہ عرب امارات کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی کو بڑھانے اور جلد از جلد جنگ بندی اور مسئلے کے حل کی سفارتی کوششوں کے لیے تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں