روم (رپورٹنگ آن لائن)حد سے زیادہ بھرے ہوئے کیمپ اور غم و غصہ، جنوبی یورپ میں مہاجرین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ جنوبی اٹلی میں کئی شہروں کے بلدیاتی نمائندوں نے واضح طور پر حکومت کو تنبیہ کرنا شروع کر دی ہے۔
جنوبی اٹلی میں وہ کیمپ بھی بہت زیادہ بھرے ہوئے ہیں، جہاں پناہ کے متلاشی غیر ملکیوں کی پہلی مرتبہ رجسٹریشن کی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ مقامی آبادی میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔ ایسا صرف اٹلی میں ہی نہیں ہے، بلکہ بحیرہ روم کے علاقے کی کئی دیگر ریاستوں کو بھی ایسے ہی حالات کا سامنا ہے۔اٹلی کے کئی شہر ایسے ہیں، جہاں کے میئر مرکزی حکومت سے بہت ناراض ہیں۔
ان کو روم حکومت سے شکایت یہ ہے کہ ان کے زیر انتظام بلدیاتی علاقوں میں ان دنوں گرمی ناقابل برداشت حد تک پہنچ چکی ہے، اور بہت سے مہاجر کیمپ ایسے ہیں، جو بہت چھوٹے ہونے کے باوجود بھرے پڑے ہیں اور جہاں عمومی حالات ناگفتہ بہ ہیں۔
ساتھ ہی یہ بلدیاتی نمائندے یہ مطالبہ بھی کر رہے ہیں کہ ایسے مہاجر کیمپوں میں نئے مہاجرین رکھے جانے پر پابندی لگائی جائے۔اقوام متحدہ کے مہاجرین کے امدادی ادارے کے مطابق اس سال کے دوران اب تک بحیرہ روم کے راستے صرف اٹلی پہنچنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کی تعداد 13 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ تعداد گزشتہ برس کے دوران اسی عرصے میں اٹلی کے ساحلوں تک پہنچنے والے پناہ کے متلاشی لوگوں کے مقابلے میں نو ہزار زیادہ ہے۔
ان مہاجرین کی مدد کرنے والی ایک تنظیم ‘سی واچ’ کے جرمنی سے تعلق رکھنے والے رضاکار فیلِکس وائس ابھی حال ہی میں کئی ہفتوں تک اطالوی جزیرے لامپیڈوسا کے قریب سمندر میں ایسے مہاجرین کی مدد کرنے کے بعد واپس وطن پہنچے۔فیلِکس وائس کہتے ہیں،اٹلی کے جزیرے لامپیڈوسا میں حالات بہت خراب ہیں اور ان میں مزید خرابی کا شدید اندیشہ ہے۔ وہاں کافی زیادہ کشیدگی پائی جاتی ہے۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران وہاں تقریبا ساڑھے پانچ ہزار پناہ گزین پہنچے۔ اس کا مطلب ہے کہ سمندری راستے سے مہاجرین سے بھری ہوئی روزانہ کم از کم دو تین کشتیاں لامپیڈوسا کے ساحلوں تک پہنچتی ہیں۔سمندری علاقوں میں مہاجرین کی مدد کرنے والے جرمن رضاکاروں کے مطابق لامپیڈوسا کے جزیرے پر اب تک تارکین وطن پر کوئی باقاعدہ حملے تو دیکھنے میں نہیں آئے۔
لیکن دو ایسے چھوٹے شپ یارڈ، جہاں لکڑی کی بنی ہوئی وہ کشتیاں رکھی جاتی تھیں جن میں سوار ہو کر پناہ کے متلاشی غیر ملکی یورپ تک سمندری سفر کرتے ہیں، ان کو حال ہی میں آگ لگا دی گئی تھی۔فیلِکس وائس کے مطابق انہوں نے یہ مشاہدہ بھی کیا ہے کہ ماضی میں لامپیڈوسا کے مقامی باشندے تارکین وطن کے بارے میں کھلے پن کی سوچ کا مظاہرہ کرتے تھے، لیکن اب مقامی آبادی کی سوچ اور مزاج دونوں بدل چکے ہیں۔
بحیرہ روم کے پانیوں میں مہاجرین کی مدد کرنے والے رضاکاروں کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اٹلی سمیت کئی ممالک کو اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے۔ لامپیڈوسا کے جزیرے کو زیادہ تر آمدنی سیاحتی شعبے سے ہوتی تھی، جو اب بری طرح بحران کا شکار ہو چکا ہے۔
اس دوران ایک تنازعہ یہ بھی پیدا ہوا ہے کہ بحیرہ روم کے اطالوی جزیروں پر مقامی حکومتوں کو جس طرح کے حالات اور بیچینی کا سامنا ہے، اس کا ذمے دار کون ہے؟









