میڈیکل 74

جنرل ہسپتال: گرینڈ کلینکل لیکچر کا انعقاد، میجر جنرل (ر) پروفیسر سلمان سلیم نے لیکچر دیا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ ہسپتالوں میں دستیاب وسائل کے باوجود مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا تبھی ممکن ہے جب معالج درست منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لائیں، کیونکہ ایک اچھا ڈاکٹر وہی ہے جو دستیاب وسائل کو سمجھداری سے استعمال کرتے ہوئے مریض کے مفاد کو مقدم رکھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر الدین میڈیکل کالج میں ”محدود وسائل میں طب کی تربیت اور توازن” کے موضوع پر منعقدہ خصوصی گرینڈ کلینیکل لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پروفیسر صاحبان، نوجوان ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹوڈنٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ گرینڈ کلینیکل لیکچرز کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوان ڈاکٹرز کو ان کے رول ماڈلز کے تجربات اور وسیع تر نالج سے مستفید کرنا ہے تاکہ وہ سینئرز کے پروفیشنل کیریئر سے سیکھ کر کلینیکل فیلڈ میں بہترین نتائج دے سکیں، جبکہ ڈاکٹر کا اچھا اخلاق اور ہمدردانہ رویہ آدھا علاج ہوتا ہے جس پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی میجر جنرل (ر) پروفیسر سلمان سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کامیابی کے لیے مسلسل محنت اور اعلیٰ تعلیم کا حصول ناگزیر ہے، بالخصوص میڈیکل پروفیشنل میں ہر گزرتے دن کے ساتھ نت نئی تبدیلیاں اور ریسرچ سامنے آ رہی ہیں جس سے ڈاکٹرز اور نرسز کو ہمہ وقت باخبر رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے مسائل کا حل صرف جدید مشینوں میں نہیں بلکہ معالجین کی بہترین تربیت، نظم و ضبط اور خلوصِ نیت میں پوشیدہ ہے، لہٰذا ہر فیصلہ مریض کے فائدے کو سامنے رکھ کر کیا جائے تاکہ وسائل کا ضیاع روکا جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر فاروق افضل نے مزید کہا کہ بیماریوں کے اخراجات کم کرنے کے لیے حفظانِ صحت کے پیغامات کو عام کرنا ہوگا تاکہ لوگ احتیاطی تدابیر اپنا کر نہ صرف امراض سے محفوظ رہیں بلکہ ادویات پر اٹھنے والے بوجھ سے بھی بچ سکیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی روشنی میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور پی جی ایم آئی کے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت نوجوان ہیلتھ پروفیشنلز کی کپیسٹی بلڈنگ کے لیے ورکشاپس باقاعدگی سے منعقد کرائی جاتی ہیں۔

پروفیسر فاروق افضل کا مزید کہنا تھا کہ ادارے میں مانیٹرنگ، شفافیت اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور تمام دستیاب وسائل مریضوں کی فلاح و بہبود پر ہی خرچ کیے جا رہے ہیں، لاہور جنرل ہسپتال (LGH) کو مثالی شفا خانہ بنانے کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔تقریب میں پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر طیبہ گل ملک، پروفیسر شاندانہ طارق، پروفیسر ٓامنہ احسن چیمہ، پروفیسر نازش ثقلین، پروفیسر فرحان رشید، پروفیسر نگت ہارون خان، ڈاکٹر سائرہ ذیشان، ڈاکٹر نادیہ ارشد، ڈاکٹر عبدالعزیز سمیت نوجوان ڈاکٹرز نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے مہمان خصوصی میجر جنرل (ر) پروفیسر سلمان سلیم کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں