جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال کے باہر تجاوزات اور بے ہنگم ٹریفک کے خاتمے کیلئے موثر پالیسی مرتب

لاہور(زاہد انجم سے) جنرل ہسپتال کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک پولیس کے تعاون سے مریضوں اور ہیلتھ پروفیشنلز کی گاڑیوں کی آمد و رفت کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے کے لئے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے مطابق ہسپتال کے باہر سے تجاوزات اور بے ہنگم ٹریفک کے خاتمے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر موثر پالیسی کے تحت گرینڈ آپریشن شروع ہو گا۔مزید برآں اس ضمن میں ہسپتال انتظامیہ کو لاہور ٹریفک پولیس ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گی اور ٹریفک وارڈنز 24گھنٹے ہسپتال آنے جانے والے لوگوں کی سہولت کیلئے ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔

اس امر کا فیصلہ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں ہوا جس میں ایس پی ٹریفک پولیس اکرام الحق،ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل، ڈی ایس پی حاجی محمد اسلم، انتظامی ڈاکٹرز، انسپکٹر عبدالقیوم اور ینگ ڈاکٹرز کے رہنما بھی موجود تھے۔
پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے جنرل ہسپتال آنے والے مریضوں،لواحقین، ڈاکٹرز،نرسز و دیگر طبی عملے کو شدید مشکلات درپیش تھیں جن کے حل کی غرض سے نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی وساطت سے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا گیا اور مشترکہ اجلاس کے بعد ایک موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے گئے جس سے امید ہے کہ ٹریفک کے مسئلے کو حل کر لیا جائیگا۔

اس موقع پر ایس پی ٹریفک اکرام الحق نے اپنی گفتگو میں کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس شہریوں کی سہولت کے لئے دن رات اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے بالخصوص ہسپتال آنے جانے والے لوگوں کی سہولت کا خیال رکھنا اہم ذمہ داری ہے جس کے لئے ٹریفک پولیس ہسپتال انتظامیہ سے بھرپور تعاون فراہم کرے گی اور وارڈنز تینوں شفٹوں میں ہسپتال کے داخلی و خارجی گیٹس پر تعینات ہوں گے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے انتظامی ڈاکٹر کو واضح کہا کہ ہسپتال کی پارکنگ حدود میں نجی ایمبولینسز اور رکشہ کو مستقبل بنیادوں پر کھڑا نہ ہونے دیا جائے اوراس ضمن میں سکیورٹی گارڈز کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانی ہوگی۔پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو بھی چھابڑی فروشوں کے خلاف کاروائی کیلئے بھی مراسلہ بھجوایا جائے گا۔بعدازاں پرنسپل پروفیسر الفرید ظفرنے ٹریفک پولیس کے حکام کو جنرل ہسپتال میں آمد اور اہم مسئلے کے حل کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔