لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے ٹیسٹوں کا عمل جاری ہے، اب تک37600 بلا معاوضہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن کے اخراجات نجی شعبہ میں رائج فیس کے مطابق 26کروڑ32لاکھ روپے بنتے ہیں لیکن ایل جی ایچ میں کسی مریض کی ایک پائی بھی خرچ نہیں ہوئی اور اس کامالی بوجھ حکومت پنجاب نے برداشت کیا ہے۔ اسی طرح کووڈ19 میں مبتلا 80مریضوں کو انتہائی مہنگا انجیکشن “ایکٹریما” بھی مفت لگایا گیا جس کی مارکیٹ میں ایک ٹیکے کی قیمت سوا لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے اس اہم اقدام پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداراوروزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر نے مریضوں کی زندگیاں بچانے کے لئے تشخیص، علاج اور انجیکشن کی مفت سہولیات فراہم کرنے کے لئے دل کھول کر وسائل فراہم کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایل جی ایچ میں مریضوں کے علاج معالجہ بالخصوص کورونا کی تشخیص و متاثرہ افراد کی خدمت جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں جدید سہولیات سے آراستہ آئی سی یو،ایچ ڈی یو اور کورونا آئسولیشن وارڈ میں مجموعی طور پر150بستر مختص کیے گئے ہیں جہاں متعلقہ طبی عملہ ہمہ وقت الرٹ ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ وینٹی لیٹر کے متبادل پہلی بار ہائی فلونیزل کنولا ڈیوائس بھی متعارف کروائی گئی جو سانس کے مرض میں مبتلا مریضوں کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی فلونیزل کنولا ڈیوائس ایک بسترے سے دوسرے بسترے پر بھی منتقل ہو سکتی ہے جو کورونا سمیت دیگر مریضوں کے لئے انتہائی مفید اور سہولت کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ حکو مت پنجاب کی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کی حالیہ لہر سے نمٹنے اور مریضوں کو بر وقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں تاکہ کسی بھی مریض کو اپنے علاج معالجے کے لئے دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ مہلک وباء کی روک تھام تک تشخیص کے ٹیسٹ بلا معاوضہ جاری رہیں گے۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس وائرس کی تیسری لہر کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل احتیاط برتیں اور حکومتی کاوشوں میں ساتھ دینے کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
٭٭٭