پروفیسر الفرید ظفر 189

جنرل ہسپتال میں ڈینگی مریضوں کیلئے212 بیڈز مختص،13 سی بی سی مشینیں فنکشنل،پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)صوبے بھر میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسزپر غور کرنے اور لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے کے تسلی بخش انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈینگی بخارمیں مبتلا مریضوں کے لئے قائم ڈینگی وارڈز میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی،ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس کی تعیناتی،ادویات کی فراہمی اور تشخیصی سہولیات کے علاوہ وائرس میں مبتلا لوگوں کے ساتھ آنے والے لواحقین کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر ریاض حفیظ نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں ڈینگی وائرس میں مبتلا افراد کے لئے 212بیڈز مختص کیے گئے ہیں، ان پر مچھر دانیاں لگائی گئی ہیں تاکہ مریضوں کو مچھر وں سے محفوظ رکھا جا سکے۔مزید برآں مرض کی تشخیص کے لئے 13سی بی سی مشینیں (بلڈ کی سیمپلنگ) کیلئے ہمہ وقت فنکشنل ہیں جبکہ ڈینگی وارڈ میں تینوں شفٹوں میں ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس اپنے فرائض بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔مشینوں کے حوالے سے ایم ایس نے بتایا کہ 4سی بی سی مشینیں ایمرجنسی،5مین لیب،2ڈینگی وارڈ،ایک بچہ وارڈ اور ایک شعبہ بیرون مریضاں میں پوری طرح فعال ہیں اور ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کو کنفرم مریضوں سے الگ رکھا جا رہا ہے۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمی حالات ڈینگی مچھر کی پرورش کیلئے موافق ہیں جس کی وجہ سے مچھروں کی افزائش بڑھ گئی ہے اور ڈینگی بخار کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے لہذا ڈینگی مچھر وں کے افزائش کے ہاٹ سپاٹس کو ختم کیا جائے جس کے لئے شہریوں کو بھی حفظان صحت کے اصولوں اور صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور محکمہ صحت اس معاملے پر پوری طرح الرٹ ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایت کے مطابق ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے علاج معالجے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور لاہور جنرل ہسپتال میں ان مریضوں کے علاج کیلئے تسلی بخش انتظامات کیے ہیں اور تمام ادویات اور تشخیصی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس سے کہا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں مریضوں کا علاج دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت اور ڈاکٹری پیشہ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بے لوث فرائض سر انجام دیں تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہاکہ جنرل ہسپتال میں موجودہ انتظامات کو ڈینگی کے تمام مریضوں کی صحت یابی تک بر قرار رکھا جائے گا اور ڈینگی وائر س ایس او پیز کے مطابق مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں