لاہور(زاہد انجم سے)جنرل ہسپتال کے شعبہ اطفال (پیڈیائٹرک ڈیپارٹمنٹ) میں بچوں کے لیے ایک جدید ریسپائریٹری کیئر کلینک کا باقاعدہ آغاز کر دیا جو شعبہ طب کی ممتاز شخصیت پروفیسر الفرید ظفر کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ جس کا مقصد پروفیسر الفرید ظفر کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
اس کلینک میں ان بچوں کا خصوصی طور پر معائنہ، مشاہدہ اور فالو اپ کیا جائے گا جو مختلف سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ ان بیماریوں میں دمہ (Asthma)، سسٹک فائبروسز (Cystic Fibrosis)، پھیپھڑوں کی ٹی بی (Pulmonary TB) اور دیگر پیچیدہ ریسپائریٹری امراض شامل ہیں۔
پیڈیائٹرک ڈیپارٹمنٹ یونٹ 2کے پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کے مطابق کلینک میں آنے والے بچوں کا روزانہ آؤٹ ڈور میں چیک اپ اورہر ہفتے برونکوسکوپی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ایسے مریض بچے جن کی بیماری کی تشخیص میں مشکلات درپیش ہوں، ان کی برونکوسکوپی کے ذریعے مزید جامع جانچ کی جائے گی، تاکہ بروقت اور درست علاج ممکن بنایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ریسپائریٹری کیئر کلینک نہ صرف بچوں کے لیے ایک بڑی سہولت ہے بلکہ والدین کے لیے بھی اطمینان کا باعث بنے گا۔
یہ کلینک جنرل ہسپتال میں بچوں کے سانس سے متعلق امراض کی تشخیص، علاج اور فالو اپ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے، جو صحت عامہ کے نظام کو بہتر بنانے کی جانب ایک مؤثر قدم ہے۔پروفیسر فریاد حسین نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مریضوں کو معیاری طبی سہولیاست کی فراہمی کیلئے تما م وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔









