لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ ہیلتھ پروفیشنلز کو بدلتے طبی تقاضوں کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرتے ہوئے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی اپنانا ہوگی تاکہ بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے جنرل ہسپتال کے شعبہ اطفال کے زیر اہتمام پروفیسر آغا شبیر علی آڈیٹوریم میں ایچ آئی وی/ایڈز سے بچاؤ اور شعورِ آگاہی کے فروغ کے لیے منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں نوجوان ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے دوران ڈاکٹر قرۃ العین، اظہر حسین اور ثمر نوید نے بچوں کی نگہداشت، حفاظتی تدابیر اور جدید طبی پروٹوکولز پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے شرکاء کو پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت بی ایس ایل تھری لیبارٹری میں دستیاب مفت تشخیصی سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایا کہ ایڈز کنٹرول پروگرام اور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے جنرل ہسپتال میں ایچ آئی وی کے مریضوں کے لیے جلد ہی ایک خصوصی کلینک فعال کر دیا جائے گا جہاں تشخیص اور رہنمائی کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔
پروفیسر محمد شاہد اور پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے ڈاکٹر نوید اختر ملک کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنرل ہسپتال بچوں کی صحت کے تحفظ میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرتا رہے گا۔ اختتام پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کامیاب ورکشاپ کے انعقاد پر آرگنائزر کمیٹی کی اراکین ڈاکٹر عائشہ افتخار، ڈاکٹر حوریہ رحمان اور ڈاکٹر رابعہ نجم کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔
٭٭٭٭٭









