کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستا ن تحریک انصاف سندھ کے صدر اور سابق وفاقی وزیرعلی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ جمہوری جماعتیں کبھی بھی الیکشن سے نہیں بھاگتیں،14اکتوبر کو عمران خان کراچی کا دورہ کریں گے، کراچی میں پی ٹی آئی کاعظیم الشان جلسہ ہوگاجبکہ سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہاکہ موجودہ حکومت دسمبر بھی نہیں دیکھے گی،چوروں کو لاکر پاکستان کو سزادی گئی ہے، عمران خان فائنل کال دینے والے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو انصاف ہائوس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر معروف مذہبی وسیاسی شخصیت جمیل راٹھور نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ ہم ابھی بھی عمران خان کو وزیراعظم کہتے ہیں اور ہمارے لیے گورنرعمران اسماعیل ہی ہیں، نئے گورنر کی تعیناتی سے سب سے زیادہ فائدہ ہمارا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کل الیکشن کمیشن نے یوٹرن لیا ہے، ہم الیکشن کے لیے کب سے تیار بیٹھے ہیں، جس جس نے استعفیٰ دیا ان کی سیٹ پر ایک ساتھ الیکشن کرائیں۔انہوں نے کہاکہ یہ حکومت الیکشن کرانے سے ڈرتی ہے، الیکشن کے انعقاد کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 14اکتوبر کو عمران خان کراچی کا دورہ کریں گے، کراچی میں پی ٹی آئی کاعظیم الشان جلسہ ہوگا۔سابق وفاقی وزیرنے کہاکہ یہ کراچی سے پیسہ اکٹھا کرتے ہیں لیکن کوئی کام نہیں ہورہا، یہ اپنے حلقے میں منشیات فروشی تک نہیں روک سکے، انہوں نے کراچی کو تباہ کردیا، اسٹریٹ کرائم ہورہا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کراچی والوں کا یہ قصور ہے کہ یہ تم کو ووٹ نہیں دیتے، جمہوری جماعتیں کبھی بھی الیکشن سے بھاگتی نہیں۔علی زیدی نے مزید کہا کہ معروف مذہبی وسیاسی شخصیت جمیل راٹھور کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔اس موقع پر عمران اسماعیل نے کہا کہ ڈیپ فیک کا وقت آگیا ہے تیزی سے لیکس تیارہورہی ہیں، ڈیپ فیک کے نام سے بین الاقوامی شخصیات کی بھی ویڈیوز ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لندن میں بیٹھے باپ بیٹے کو نہیں پتاہے کہ جائیداد کس کی ہے، لندن میں یہ 20سال سے رہ رہے ہیں، لندن میں بیٹھ کر یہ گلہ کس سے کررہے ہیں۔سابق گورنر سندھ نے کہاکہ گلہ کررہے ہیں کہ 5سال کا حساب چاہیے، یہ جو الزامات لگا رہے ہیں ان کو 15سال کا حساب دینا ہوگا، عمران خان نے ان پر ہلکا ہاتھ رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری کے لیے کہتا ہوں سندھ آئی ایم سوری، کامران ٹیسوری ایم کیوایم کا انتخاب نہیں ہے، ایم کیوایم تو خود بڑی مجبور ہے، وہ خود پریشان ہیں کہ ہم نے5 نام دیئے تھے چھٹا کہاں سے آگیا۔عمران اسماعیل نے کہاکہ جتنا بڑا جرم اتنا بڑا عہدہ، چوروں کو لا کر بیٹھا دیا۔