اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس کشمیر کے معاملے پر بھارت پر چڑھائی کرنے کے علاوہ بھی بہت سے آپشنزہیں اور انہیں بوقت ضرورت استعما ل کیا جائے گا،جس اپوزیشن کی اپنی سیاست کی کوئی گارنٹی نہیں وہ حکومت کو مدت پوری کرنے کیلئے کیا گارنٹی دے گی ،آل پارٹیزکانفرنس در اصل ایک دوسرے کو ریسکیو کرنے کی کوشش ہے ۔
اپنے ایک بیان میں ہمایوں اخترخان نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کے حوالے سے جواقدامات اٹھائے ہیں وہ اپنے لئے گڑھا کھودنے کے مترادف ہیں ،انشا اللہ وہ وقت آئے گا اور دنیا دیکھے گی جب بھارت اپنے ہی کھودے ہوئے گڑھے میں گرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی لگ بھگ چھ اور مسلم لیگ (ن) بھی کم و بیش چار دہائیوں سے حکومتوں میں ہے بتایا جائے دونوں جماعتوںنے کشمیر کاز کیلئے کیا ہے ۔
تحریک انصاف کو حکومت میں آئے ہوئے دو سال کا عرصہ ہوا ہے اور ہمیں کشمیر کو فتح نہ کرنے کے طعنے دئیے جارہے ہیں ،موجودہ حکومت کشمیر کے معاملے پر ہر ممکن جدوجہد کر رہی ہے اور ہم نے اسے دنیا میں اجاگر کیا ہے ۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ نوازشریف نے حکومت کو پانچ سال کی مدت پوری ہونے کی گارنٹی کسے دی ہے ان سے پوچھا جائے ۔
جس اپوزیشن کی اپنی سیاست کی کوئی گارنٹی نہیں وہ کسی حکومت کو مدت پوری کرنے کیلئے کیا گارنٹی دے گی ۔ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میںحکومت کے خلاف کوئی محاذنہیں بنے گابلکہ اس کے ذریعے ایک دوسرے کو ریسکیو کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ہمیں بھلا اس پر کیا اعتراض ہوسکتاہے ۔