لیبیا کانفرنس 138

جرمن وزیرخارجہ کا لیبیا کانفرنس سے قبل امید افزا توقعات کا اظہار

برلن(ر پورٹنگ آن لائن)جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس نے برلن میں مجوزہ لیبیا کانفرنس سے قبل امید افزا توقعات کا اظہار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے لیبیا میں غیر ملکی جنگجوئوں سے ہتھیار ڈالنے اور ملک چھوڑنے کی اپیل کا اعادہ بھی کیا۔جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے برلن کانفرنس سے قبل اپنے ایک بیان میں لیبیا میں پرامن منتقلی کے لیے غیر ملکی جنگجووں سے ملک چھوڑ دینے کی اپیل کی۔ماس نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ برلن میں لیبیا سے متعلق ہونے والی عالمی برادری کی طرف سے حمایت یافتہ اس دوسری بات چیت سے عبوری حکومت کومزید تقویت حاصل ہوگی اور اس سے لیبیا کے عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنے میں مدد ملے گی۔جرمن وزیر خارجہ نے یہ بات بھی واضح کی کہ اس برس 24 دسمبر کو ہونے والے مجوزہ انتخابات اپنے وقت پر ہونے چاہئیں۔

ماس کا کہنا تھاکہ ہم لیبیا کی حکومت او راقوام متحدہ کے ساتھ مل کر ان کے لیے مہم جاری رکھیں گے۔شمالی افریقی ملک کی صورت حال پر تبادلہ خیال کے لیے جرمن دارالحکومت برلن میں ہونے والی اس دوسری میٹنگ میں امریکا، روس، چین، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ کی شرکت متوقع ہے۔ماس نے امید افزا لہجے میں بتایا کہ لیبیا کی عبوری حکومت اور اقو ام متحدہ کے درمیان تعاون کی وجہ سے زیادہ بڑی تباہی کو ٹالنے میں مدد ملی ہے۔جرمن وزیر خارجہ نے کہاکہ تقریبا دو برس قبل لیبیا میں تشدد برپا تھا اور وہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں