جرمنی 132

جرمنی میں منعقد ہونے والی ”ڈوموٹیکس ” نمائش میں شرکت کے خواہشمندوں سے درخواستیں طلب

اسلام آباد/لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان نے جرمنی میں منعقد ہونے والی ”ڈوموٹیکس ” نمائش میںشرکت کے خواہشمندوںسے درخواستیں طلب کر لیں ۔نمائش میں ہاتھ سے بنے ہوئے قالین ،ٹیکسٹائل فلور کورنگز،الاسٹک رنرزاورقالینوں کی مصنوعات پیش کی جائیں ۔نمائش میں شرکت کیلئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 23ستمبر منعقدکی گئی ۔ دوسری جانب پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد اور کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے شرکت کیلئے مقررہ کردہ فیس میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا ء اورہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں تشویشناک حد تک کمی کی وجہ سے برآمد کنندگان کے معاشی حالات انتہائی نا مساعد ہیں۔ ” ڈومو ٹیکس” ٹیکسٹائل کے حوالے سے دنیا کی سب سے بڑی نمائش ہے جو ہاتھ سے بنے پاکستانی قالینوں کی مارکیٹنگ اور تشہیر کیلئے موثر پلیٹ فارم ہے ۔

حکومت سے مطالبہ ہے کہ پاکستانی برآمد کنندگان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے اور ہماری درخواست کو زیر غور لاتے ہوئے فیس اور اخراجات کیلئے 80/20کے فارمولے پرعمل کیا جائے تاکہ اس عالمی نمائش میں پاکستان کی زیادہ سے زیادہ شرکت ممکن ہو سکے ۔اس کے ساتھ ساتھ نمائش میں اپنی مصنوعات لے جانے والے برآمد کنندگان کو فریٹ میںبھی خصوصی سبسڈی دی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں پانچ بار شرکت کرنے والی کمپنی پر عائد پابندی میں بھی خصوصی چھوٹ دی جائے کیونکہ حالات کی وجہ سے نئی کمپنیاںاس نمائش میں شرکت نہیں کریں گی اور کئی دہائیوںسے کام کرنے والے برآمد کنندگا ن اس بڑی نمائش میں کسی بھی صورت میں روایتی حریف ملک بھارت کے مقابلے میں پاکستان کا پرچم بلند رکھنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق روایتی حریف بھارت کی جانب سے نمائش میں زیادہ سے زیادہ سٹالز حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے او راس کی بنیادی وجہ حکومت کی جانب سے شرکت کے خواہشمندوںکو فیس اور اخراجات میں بھرپور معاونت فراہم کرنا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں