نعمان کبیر

جدت اور کاروبار میں توسیع کے لیے ای کامرس پلیٹ فارمز سے استفادہ ضروری ہے’ نعمان کبیر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور چیمبر نے علی بابا اور نیکسٹ برج کے اشتراک سے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا جس کا مقصد کاروباری برادری کو ای کامرس پلیٹ فارمز کی ضرورت اور بے پناہ فوائد سے روشناس کروانا تھا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر سیمینار کے مہمان خصوصی تھے جبکہ نائب صدر حارث عتیق، علی بابا کے کنٹری مینیجر برائے پاکستان سونگ سونگ، نیکسٹ برج کے زوہیب احمد ، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین محمد ندیم ملک، محمد علی افضل، مردان علی زیدی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ لاہور چیمبر کاروبار ی شعبہ کے لیے موثر سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کر رہا ہے تاکہ انہیں ای کامرس کے جدید رحجانات اور ای کامرس پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھانے کے بارے میں آگاہی دی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی نے روابط کو بہت آسان، تیز رفتار اور معاشی طور پر اہم بنا دیا ہے جبکہ پوری دنیا ایک گلوبل ویلیج میں تبدیل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ای کامرس کے ذریعے کاروباری سرگرمیاں بھی قلیل وقت میں پوری دنیا میں پھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی بابا گروپ نے دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی ای کامرس مارکیٹ میں آن لائن خریداری کے لیے مقبول ترین مقامات میں سے ایک کے طور پر ایک منفرد حیثیت حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر سونگ سونگ کے پاس روایتی طریقوں سے اپنے کاروبار کو بیک وقت چلاتے ہوئے علی بابا کے پلیٹ فارم کے ذریعے ای کامرس پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے تاجروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اچھا علم اور تجربہ ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ ای کامرس پلیٹ فارم کے استعمال سے لاہور چیمبر کے ممبران کو عالمی سطح پر پہچان بنانے، کاروبار کو وسعت دینے اور بین الاقوامی خریدار تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

علی بابا کے کنٹری مینیجر برائے پاکستان سونگ سونگ نے کہا کہ ای کامرس کا مستقبل بہت روشن ہے، لاہور چیمبر کے ممبران کو علی بابا کا پلیٹ فارم استعمال کرنا اور بین الاقوامی سطح پر تجارت کرنے کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے، اس سے وہ ایک متحرک نیٹ ورک کا حصہ بنیں گے اور ان کمپنیوں کے ساتھ کاروباری تعلقات استوار کرسکیں گے جو پہلے ہی علی باباکے پلیٹ فارم پر کامیابی سے تجارت کررہی ہیں۔