گورنر سندھ عمران اسماعیل

جام عبدالکریم ناظم جوکھیو کے قتل میں مطلوب ہیں، ڈی جی ایف آئی اے گرفتار کر کے سندھ پولیس کے حوالے کریں ، گور نر سندھ

اسلام آباد /کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ جام عبدالکریم ناظم جوکھیو کے قتل میں مطلوب ہیں، ڈی جی ایف آئی اے گرفتار کر کے سندھ پولیس کے حوالے کریں ۔

گور نرسندھ نے وڈیو بیان میں کہاکہ ملزم عدالت سے مفرور اور دبئی میں مقیم ہیں اور میڈیا اطلاعات کے مطابق وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد آ رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد لینڈ کرتے وقت جام عبدالکریم کو گرفتار کر کے سندھ پولیس کے حوالے کریں۔

انہوںنے کہاکہ جام عبدالکریم گھنائونے قتل میں مطلوب ہے، عدالت انہیں تلاش کر رہی ہے ،وہ پاکستان سے مفرور ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم کسی مجرم کو اس طرح نہیں چھوڑ سکتے، ڈی جی ایف آئی اے کو خط لکھا ہے کہ وہ فوری طور پر کارروائی کریں۔گورنر سندھ نے ڈی جی ایف آئی اے کے نام خط میں کہا کہ جام عبدالکریم کا نام پی این آئی ایل میں شامل کیا جائے۔واضح رہے کہ جام عبدالکریم قتل کیس کی ایف آئی آر میں نامزد ہیں۔

گورنر سندھ نے ڈی جی ایف آئی اے کو ناظم جوکھیو کے حوالے سے خط میں کہاگیاکہ جام عبدالکریم، ناظم جوکھیو کے قتل میں مطلوب ہیں اور ملک سے فرار ہے ،ڈی جی ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرے۔خط میں کہاگیاکہ ایف آئی اے جام عبدالکریم کو گرفتار کر کے سندھ پولیس کے حوالے کریں۔