تھنک ٹینک

تھنک ٹینک کے ذریعے مختلف ممالک کے ٹیکسیشن نظام کی سٹڈی رپورٹ تیار کرائی جائے’ پاکستان ٹیکس بار

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ٹیکسیشن کے نظام میں موجود خامیاں دور کرنے ،ٹیکس نیٹ اور آمدن بڑھانے کے لئے تھنک ٹینک کے ذریعے مختلف ممالک کے ٹیکسیشن نظام کی سٹڈی رپورٹ تیار کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈھنگ ٹپائو پالیسی اور ایڈ ہاک ازم کے ذریعے ٹیکس آمدن میں اضافہ ممکن نہیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب اور سینئر نائب صدر قاری حبیب الرحمان زبیری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان میں ٹیکس سپیس موجود ہے لیکن حکومت کی پالیسیاں اور ایف بی آر کا رویہ نا قابل فہم ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ سولو فلائٹ کی بجائے مشاورت کو فروغ دے کیونکہ اس کے بغیر کبھی بھی حکومتی پالیسیوں کے نتائج برآمد نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا صرف نوٹسز کا اجرا اور ہراساں کرنے والے ادارے کے طو رپر تعارف ہے جسے بدلنے کی ضرورت ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرسے تمام اسٹیک ہولڈرز کا تھنک ٹینک تشکیل دے جو کامیاب ممالک کے ٹیکسیشن کے نظام کی سٹڈی رپورٹ تیا رکر کے اپنی سفارشات مرتب کر کے حکومت کو دے جسے بعد ازاں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے اور اسے قومی دستاویز کی شکل دی جائے۔