اسلام آباد ہائی کورٹ 41

توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران اور بشریٰ کی اپیلوں پر آفس اعتراضات،عدالت کی اہم ہدایت جاری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر آفس اعتراضات کے ساتھ سماعت کی اور بروقت اپیلیں دائر نا ہونے کے آفس اعتراض کو ختم کرنے کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔جمعرات کوجسٹس خادم حسین سومرو نے بانی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر متفرق درخواست پر سماعت کی۔

بیرسٹر سلمان صفدر، بانی اور بشریٰ کی جانب سے عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔وکیل سلمان صفدر نے دلائل میں کہاکہ معذرت چاہتا ہوں دوبارہ آپ کے پاس آنا پڑا، کچھ اعتراضات آفس نے لگائے تھے میں نے اپیل وقت پر دائر کی، 20 دسمبر کو سزا کا فیصلہ ہوا 29 دسمبر کو اپیلیں دائر کی اور اپیلیں دائر کرتے وقت مصدقہ نقل فیصلے کی اپیلوں کے ساتھ لگائی تھیں۔بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ آفس نے اعتراضات کے حوالے سے ہمیں کچھ نہیں بتایا تھا، جب ہم نے سزا معطلی کی درخواست دائر کی تو 14 فروری ہمیں بتایا گیا آپ کی اپیلوں پر اعتراض ہے،طے شدہ اصول ہے اپیل ایک دفعہ دائر ہو جائے تو اس کو وقت پر ہی دائری کہیں گے، سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے جس کے مطابق غلطی ہمارے طرف سے نہیں ہے۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دئیے کہ 21 اور 22 سال وکالت کے بعد یہ ہے کہ وکیل جب اپنی فائل چھوڑ دیتا ہے تو یہی ہوتا ہے۔عدالت نے آفس اعتراضات اونچی آواز میں پڑھنے کی ہدایت کی۔سلمان صفدر نے کہا کہ آفس نے اعتراض لگایا کہ وقت کے اندر اعتراضات ختم نہیں کیے، آفس نے جب اعتراضات لگائے ہمیں اس کے حوالے سے نہیں بتایا۔عدالت نے سلمان صفدر کو متفرق درخواست پڑھنے کی بھی ہدایت کی۔ سلمان صفدر نے کہا کہ میں سزا معطلی کی درخواست لیکر آپ کے پاس آیا ہوں۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ جو آفس اعتراض ہے وہ آپ کی متفرق درخواست نہیں ہے۔ہائیکورٹ نے بروقت اپیلیں دائر نا ہونے کے آفس اعتراض کو ختم کرنے کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے سلمان صفدر کو ہدایت کی کہ آپ آفس اعتراض ختم کرنے کی درخواست دائر کریں۔بانی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر اعتراض ختم نا ہو سکا، عدالت نے اعتراض ختم کرنے کے لیے نئی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں