لاہور چیمبر

توانائی کی قیمتوں میں کمی صنعتوں، برآمد ات کو تقویت دے گی‘لاہور چیمبر

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)توانائی کی قیمتوں میں کمی صنعت و تجارت ، برآمدات اور پھر معیشت کو تقویت دے گی لہذا حکومت ان کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ پاکستانی صنعتو ں کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کاروباری برادری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ حکومت توانائی کی قیمتوں میں کمی کرکے صنعت و تجارت کو معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مدد دے، اس سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں زیادہ بہتر مقابلہ کرنے کے قابل ہونگی۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ انرجی انڈسٹری کا اہم خام مال ہے، اس کی قیمتوں میں کمی سے ٹریڈ اور انڈسٹری کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور وہ عالمی منڈی میں بہتر مقام حاصل کرسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے یہ بہترین وقت ہے کیونکہ کروناوائرس کی وجہ سے پیداکردہ صورتحال نے تمام شعبہ ہائے زندگی کو بہت بری طرح متاثر کیا ہے ، موجودہ حالات میں انہیں ریلیف کی اشد ضرورت ہے، صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی سے برآمدات پر اچھے اثرات مرتب ہونگے۔