آصف علی زرداری 50

تعلیم، کاروبار، سرکاری خدمات اور قومی ترقی میں خصوصی افراد کی شرکت پاکستان کے مستقبل کیلئے اہم ہے ، صدر مملکت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے تعلیم، کاروبار، سرکاری خدمات اور قومی ترقی میں خصوصی افراد کی شرکت کو پاکستان کے مستقبل کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری، سرکاری و نجی ادارے، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی شراکت دار خصوصی افراد کا خیال رکھیں اور ان کی شناخت کا احترام کریں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر میں ایک مرتبہ پھر ہماری قومی وابستگی کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہم خصوصی افراد کے حقوق اور وقار کے تحفظ اور قومی زندگی میں ان کی مکمل شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ صدر نے کہا کہ حکومت پاکستان وفاقی و صوبائی اداروں کے ذریعے خصوصی افراد کے لیے رسائی، تعلیم، صحت، نقل و حرکت اور روزگار کے مواقع بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ پر خصوصی لوگو، معذوری کے سرٹیفیکیٹس کا اجراء، سماجی تحفظ کی سکیموں تک آسان رسائی اور بحالی و کمیونٹی کی سطح پر معاونت کے نظام کو مضبوط بنانا اس بات کی علامت ہے کہ ہم ایسا معاشرہ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر فرد اپنی صلاحیت کے مطابق آگے بڑھ سکے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ منصفانہ معاشرہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم سب کے لیے قابل رسائی ماحول، مناسب انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات موجود ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم ان جسمانی، سماجی اور رویّوں پر مبنی رکاوٹوں کو دور کریں جو خصوصی افراد کی بااختیار اور باعزت زندگی کی راہ میں حائل ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں شہریوں، سرکاری و نجی اداروں، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی شراکت داروں سے کہنا چاہوں گا کہ خصوصی افراد کا خیال رکھیں اور ان کی شناخت کا احترام کریں۔ تعلیم، کاروبار، سرکاری خدمات اور قومی ترقی میں ان کی شرکت پاکستان کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئیے مل کر ایک ایسے پاکستان کے لیے کام کریں جہاں کوئی بھی پیچھے نہ رہ جائے اور جہاں خصوصی افراد کو اجتماعی قوت اور استقامت کا حصہ سمجھا جائے۔ شمولیت صرف ایک خیال نہ ہو، بلکہ ہمارے روزمرہ کے فیصلوں اور عمل میں نظر آتی ہوئی حقیقت بنے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اللہ ہمیں توفیق دے کہ ہم ایک ایسا پاکستان قائم کریں جو ہر فرد کے لیے قابل رسائی اور شمولیت کا حامل ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں