اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن )پنجاب کے صدر راناثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ آرٹیکل63اے کی تشریح میٹرک پاس بھی کرسکتا ہے، عثمان بزدارنے لوٹ سیل لگا رکھی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک کے بعد حکومت کے سیاہ کارنامے سامنے آئیں گے، 26 سے 28 مارچ تک پورا ملک سڑکوں پرہوگا، عوام فیصلہ سنائیں گے نااہل ٹولے نے ملک تباہ کردیا۔
راناثناء اللہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں تاخیر ہوئی توملک عدم استحکام کا شکارہوگا، عوام حق کے ساتھ اور برائی کے خلاف کھڑی ہے، عمران خان کی پارٹی کے اپنے بندے انکے خلاف ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن )پنجاب کے صدر نے کہا کہ عمران خان تاخیرکیلئے عدالتی کندھے استعمال کرنا چاہتے ہیں، نااہل ٹولے نے ملک کا سیاسی کلچرتباہ کردیا، عمران خان نے قوم کے ساتھ فراڈ کیا، وقت ضائع کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے4 برس میں انتقام کے علاوہ کچھ نہیں کیا، 27 مارچ جلسے میں شرکت کیلئے عوام کوپیسے کی لالچ دی جارہی ہے، حکومت 27مارچ جلسے کیلئے سرکاری وسائل استعمال کررہی ہے۔راناثناء اللہ نے کہا کہ صدارتی ریفرنس بدنیتی پرمبنی ہے، آرٹیکل63ایواضح ہے،کسی تشریح کی ضرورت نہیں، تحریک عدم اعتماد پرتاخیر کیلئے صدارتی ریفرنس دائرکیا گیا۔