پنڈدادنخان (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنے پاوں پرچل نہیں سکتی،لانگ مارچ کیاکرےگی،یہ کہتے ہیں عدم اعتماد تحریک لائیں گے ،ان پر تو اپنے گھر والے اعتماد نہیں کرتے،پیپلزپارٹی لبرل اور جے یو آئی مذہبی جماعت ہے مگر کس لیے ساتھ ہوئے؟
مولانافضل الرحمان مدرسے کے بچوں سے لانگ مارچ کرائیں گے، وہ سمجھتے ہیں کہ مدرسے کے بچے لانگ مارچ کامیاب کرائیں گے، نوازشریف لندن جانے کے لیے جھوٹ بول کرگئے،مریم صفدر بھی عدالتوں کےسامنے جھوٹ بول رہی ہوتی ہیں،عوام کے پیسے چوری کرنے والوں سے کہتاہوں پہلے یہ پیسہ لائے پھر سیاست کریں،آصف زرداری اور نوازشریف قرضہ نہ لیتے تو آج ادائیگی کے لیے مزید نہ لینے پڑتے۔ جمعہ کو پنڈدادنخان میں کارکنون سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف نے ترقی کا جو سفر شروع کیا اس پر ہم اپنے قائد کے مشکور ہیں، یہ خطہ جو غازیوں کا خطہ ہے ہمارے قبرستان شہیدوں کے لہو سے مہکتے ہیں جو جوان ملک کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں جس کی بدولت عوام آزادی سے اپنے ملک میں سوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پی ڈی ایم اور اپوزیشن والوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ منڈی بہاﺅالدین کا جلسہ دیکھیں گے کہ جلسہ ہوتا کیا ہے، آج عوام کا سمندر وزیراعظم عمران خان کا استقبال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر آج جو فرد جرم عائد ہونے جا رہی تھی اس پر اپوزیشن والے کہتے ہیں کہ سیاہی ٹھیک نہیں ہے، چارج فریم پڑھا نہیں جا رہا، جو بہانے آپ کر رہے ہیں ان بہانوں سے آپ بچ نہیں سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا ملازم ملک مقصود چپڑاسی جس کی تنخواہ 25ہزار تھی اس کے اکاﺅنٹ سے 4ارب روپے نکل آئے جبکہ دوسرا چپڑاسی مسرور انور جس کی تنخواہ بیس ہزار تھی اس کے اکاﺅنٹ سے اڑھائی ارب روپ نکل آئے، جو بھی ملازم نواز شریف کے دور میں بھرتی ہوئے وہ ارب پتی بن گئے، یہ ظلم پاکستانی عوام پر روا رکھا گیا، اگر اسی ظلم پر جو توجہ دلائی گئی وہ وزیراعظم عمران خان کے ذریعے دلوائی گئی ہے، آج آپ کو پتہ چل جائے گا کہ عوام کا جم غفیر ہوتا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں لانگ مارچ کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ سے لانگ مارچ نہیں ہونا، اپوزیشن اپنے پاﺅں پر چل نہیں سکتی، یہ لانگ مارچ کیا کرے گی، اپوزیشن والے مدرسے کے بچوں کو جمع کر کے لانگ مارچ کریں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت بدلنے کےلئے نظریہ دینا پڑتا ہے، اس حوالے سے عوام کا ساتھ چاہیے ہوتا ہے،مولانا فضل الرحمان ، شہباز شریف اور آصف زرداری کی سیاست ایک ہے جبکہ پاکستان میں نواز شریف اور بلاول بھٹو کی سیاست ختم ہو رہی ہے، تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کےلئے پنجاب سے زیادتی کی گئی، پنجاب کو گیس کی فراہمی سے محروم کیا گیا،پنجاب میں بھی باقی صوبوں کی طرح گیس ملے گی، پنجاب میں صنعت اور زراعت کا بیڑہ غرق کیا گیا، نواز شریف کی موٹروے سے پنجاب کے بڑے شہر نقصان میں چلے گئے، بڑے شہروں کو موٹروے کے منصوبوں سے محروم رکھا گیا، جہلم اور خوشاب کے لوگوں کےلئے کچھ نہیں کیا گیا، بلاول اور مریم نواز میئر کے الیکشن لڑیں انہیں پتہ چل جائے گا کہ وہ کتنے پانی میں ہیں،پچاس سال کے بعد جہلم میں دوہری کیرج وے بن رہی ہے، جہلم کے تمام علاقوں میں پینے کے پانی کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جہلم کے علاقے کے لوگوں کی قسمت بدل جائے گی، وزیراعظم عمران خان اور حماد اظہر کی کوششوں سے اوگرا کا قانون منظور ہوا ہے، تحریک عدم اعتماد لانے والوں پر ان کے گھر والے بھی اعتماد نہیں کرتے، نواز شریف حکومت سے جھوٹ بول کر باہر چلا گیا کہ واپس آﺅں گا، نواز شریف فیملی پاکستان ک عوام کے دشمن ہیں، وزیراعظم عمران خان پاکستان کے عوام کی آواز ہیں، 23سال بعد پاکستان کا وزیراعظم روس کا دورہ کر رہا ہے، پوری دنیا میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے،ہم غریب عوام کےلئے راشن اور صحت کارڈز لائے ہیں، 23ہزار ارب قرضہ نواز شریف اور آصف زرداری کہاں لے کر گئے، ان دونوں نے پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے،2018کے انتخابات میں عوام نے ان سے بدلہ لیا جبکہ اب 2023میں بھی بدلہ لیں گے








