لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا 31فیصد ووٹ بینک کسی کی خواہش سے ختم نہیں ہوگا ،
حکومت نہ صرف اپنے پانچ سال مکمل کرے گی بلکہ آئندہ عام انتخابات اس کے ووٹ بینک میں مزید اضافہ ہوگا ، ڈوبتی ہوئی سیاست کو بچانے کےلئے اگر اپوزیشن سیاسی بڑھکیں بھی نہ لگائے تو کیا کرے اس کے پاس کرنے کیلئے کیا کام ہے ؟۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 131کے اکابرین اور میڈیا نمائندوں سے ویڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن جس زعم میں مبتلا ہے وہ اسے کہیں کا نہیں چھوڑے گا بلکہ ان کی خوش فہمی وقت آنے پر دور ہو جائے گی ۔
2018ءمیں وزیر اعظم عمران خان نے انتہائی مشکلات حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی اور ہم ابھی ملک کو درست سمت میں گامزن کرہی رہے تھے کہ کورونا وائرس کی وبا ءآ گئی جس نے پوری دنیا کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے۔
وزیر اعظم عمرا ن خان کا واضح اعلان ہے کہ جو بھی حالات ہوں کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے کیونکہ عوام نے ہمیں احتساب کے نام پر ووٹ دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی یہ تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں کہ تحریک انصاف کا ووٹ بینک عمران خان کی وجہ سے ہے اور اس کا 31فیصد ووٹ بینک کسی کی خواہشات سے ختم نہیں ہوگا ۔
ملک کے مفاد میں غیر معمولی فیصلوں کی وجہ سے جو لوگ تحریک انصاف کی مقبولیت میںکمی کے اندازے لگا رہے ہیں وہ غلطی پر ہیں اور انشا اللہ پانچ سال بعد جب دوبارہ انتخابات ہوں گے تو تحریک انصاف کا ووٹ بینک مزید بڑھے گا