اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور سمیت پنجاب میں بارش کے دوران جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور اور رائیونڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے دوران 27 قیمتی جانوں کا ضیاع باعثِ صدمہ ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ مرید وال میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی خبر سن کر دلی دکھ ہوا۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب میں حادثات میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب بھر میں بارش کے دوران حادثات میں زخمی ہونے والے شہریوں کے بہتر علاج معالجہ کو یقینی بنایا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ لاہور اور روالپنڈی سمیت ڈسکہ، حافظ آباد، وزیرآباد اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی نکالنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ فیصل آباد، ننکانہ صاحب، منچن آباد، بہاولنگر، پاکپتن، عارف والا، قصور اور فاروق آباد کے بھی بہت سارے علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہے۔ بلاول بھٹوزر داری نے کہاکہ بارش میں جن شہریوں کے گھروں کو نقصان پہنچا ہے.
اْنہیں فوری حکومتی امداد کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ بارش کی وجہ سے پنجاب کے دیہی علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں خصوصاً زرعی شعبے کو ہونے والے نقصان کا تدارک کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے بارش متاثرین کو پیپلز پارٹی اکیلا نہیں چھوڑے گی، بارش متاثرین کو ان کا حق دلوائیں گے۔