کسانوں کا اجتماع، 96

بھارت میں کسانوں کا اجتماع، کاشتکاری کے 3 قوانین واپس لینے کا مطالبہ

نئی دہلی(رپورٹنگ آن لائن)بھارت کی اترپردیش میں ہزاروں کسان جمع ہو کر وفاقی حکومت سے گزشتہ سال لاگو کئے گئے کاشتکاری بارے 3 قوانین واپس لینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔کسانوں کا یہ اجتماع اترپردیش کے ضلع مظفرنگر میں”سمیوکت کسان مورچہ” (مشترکہ کسان اتحاد) کے بینر تلے ہورہاہے۔مختلف ریاستوں، خاص طور پر اتر پردیش، ہریانہ، پنجاب، مدھیا پردیش، راجستھان سے کسان جمع ہوئے ہیں اور اپنے دیرینہ مطالبات کیلئے ایک ساتھ دبا ڈال رہے ہیں۔ٹی وی چینلز کے مطابق کسان خواتین بھی اس موقع پر موجود ہیں۔تحریک میں شامل کسانوں نے اعلان کیاہے کہ وہ ان کے مطالبات(کاشتکاری کے3قوانین کی واپسی)پورے ہونے تک گھروں کو واپس نہیں جائیں گے۔

کسانوں کا یہ اجتماع دارالحکومت دہلی کے مختلف داخلی مقامات پر9 ماہ سے زائد عرصہ سے جاری احتجاج کا تسلسل ہے۔اجتماع کے کنونیئر اور معروف کسان رہنما راکیش تیکایت نے میڈیا کو بتایا کہ وفاقی حکومت کے پاس ملکی پارلیمان کی جانب سے گزشتہ سال نافذ کئے گئے کاشتکاری کے قوانین کو منسوخ کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔کنونیئرجو کہ بھارتیہ کسان یونین(بھارتی کسانوں کی یونین)کے سربراہ بھی ہیں نے کہا کہ تحریک کو ملک بھر میں جاری رکھنے کیلئے ہم حکمت عملی پر بحث کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں