ممبئی(رپورٹنگ آن لائن)بھارت میں ایک فراڈ ٹی 20 ٹورنامنٹ نے کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے، جعلی ٹورنامنٹ کی تحقیقات کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، بھارتی اور سری لنکن کرکٹ بورڈز کو بھی ایکشن لینا پڑ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں سری لنکا کے جعلی UVA T20 لیگ نے کرکٹ بورڈز کو بڑی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، گزشتہ تین ماہ سے کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے کرکٹ کھیل سے محرومی کے بعد شائقین کو ایک نئے ٹورنامنٹ کی خوش خبری ملی تاہم وہ سب فراڈ ثابت ہو گیا۔سری لنکا UVA T20 league کے نام سے بھارتی شہر چندی گڑھ کے قریب ایک گاؤں سوارا میں ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا اعلان کیا گیا، اس سے قبل یہ بتایا گیا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ سری لنکا میں ہونا ہے تاہم میچز شروع ہونے کا وقت آیا تو معلوم ہوا کہ یہ انڈیا میں ہو رہے ہیں، جس نے شائقین کو حیرت میں ڈال دیا۔
صرف یہی نہیں، معاملہ بہت آگے کا تھا، جلد یہ انکشاف ہوا کہ اس ٹورنامنٹ سے متعلق ہر چیز جعلی ہے، اس کی تیاریوں کے سلسلے میں گمنام آئی پی ایڈریس، فرضی ای میلز اور غیر رجسٹرڈ فون نمبرز استعمال کیے گئے، ممبئی کی ایک لائیو اسٹریمنگ کمپنی کو بھی اس کی خدمات حاصل کر کے بے وقوف بنایا گیا۔
مذکورہ کمپنی کے بیان کے مطابق شام سندن کرونا رتنے نامی ایک شخص نے گزشتہ ماہ 25 جون کو UVA T20 لیگ کے نمائندے کے طور پر کمپنی حکام سے ملاقات کر کے لیگ سے متعلق پریزنٹیشن دی، اور تشہیر کے لیے مدد مانگی، جعلی لیگ کے فراڈ نمائندے نے کرکٹ ایونٹ کا ویب ایڈریس اور فرضی ای میل بھی دیا۔جب نمائندے سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کا لیٹر مانگا گیا تو 2 دن بعد انھیں بورڈ کی منظوری پر مبنی ایک ای میل بھیجی گئی۔
29 جون کو چندی گڑھ کے نواحی علاقے میں 2 میچز منعقد ہوئے، تاہم کمپنی کو گراؤنڈ کی لوکیشن کا کوئی علم نہیں تھا۔ اس فراڈ کا ڈراپ سین اس وقت ہوا جب اسی روز سری لنکن بورڈ کے لیگل منیجر چالکا سلوا کی ای میل موصول ہوئی جس میں انھوں نے خبردار کیا کہ بورڈ نے اس ایونٹ کی منظوری نہیں دی۔اس کے بعد معلوم ہوا کہ جعلی UVA T20 لیگ کے فراڈ نمائندے کرونارتنے سے متعلق ہر چیز جعلی تھی، اس کے نمبر بھی بند نکلے، فون نمبر رجسٹرڈ ہی نہیں تھے، ای میلز بھی جعلی نکلے، آئی پی ایڈریس بھی گمنام تھا۔
معاملے کی خبر موہالی اور ممبئی پولیس کو دے دی گئی ہے، بھارتی بورڈ کے ساتھ آئی سی سی اور سری لنکن بورڈ کا اینٹی کرپشن یونٹ بھی اس جعل سازی کی تحقیقات کر رہا ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ 6 جولائی کو پنجاب پولیس نے موہالی میں انٹرنیشنل میچ فکسنگ سنڈیکیٹ چلانے والے رویندر ڈانڈیوال کو گرفتار کیا تھا، اس کی گرفتاری جعلی سری لنکا UVA T20 لیگ کے انعقاد کے سلسلے میں عمل میں آئی ہے۔