فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ بھارت براہ راست جنگ میںناکامی کے بعد اپنی خفت مٹانے کے لیے بلوچستان میں پراکسی دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیوں کے باوجود قوم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے،عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے با اختیار اور موثر بلدیاتی نظام کی جانب جلد پیشرفت کرنا ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 97 کے دورے کے دوران علاقہ عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی سرکردہ شخصیات سے ملاقاتوںمیں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حلقے کے دیرینہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ علاقہ عمائدین نے حلقے کی تعمیر و ترقی اور عوام سے بلا تعطل رابطہ رکھنے پر ہمایوں اختر خان اور ان کی ٹیم کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینے ،معیشت، امن و امان اور عوامی مسائل سمیت دیگر اہم معاملات پر سنجیدہ غور و فکر ، اتفاق رائے اور مضبوط اتحاد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ این اے 97 کے عوام دہائیوں سے محرومی کا شکا ر ہیں لیکن ہم عوام کی سپورٹ اور طاقت سے ان کا ازالہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں ،حلقے کے مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے لئے جو کاوشیں کی ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور ان شا اللہ آئندہ بھی اس پر عمل پیرا رہیں گے۔ ہمایوں اختر خان حلقے میںانتقال کر جانے والے افراد کے گھروں میں بھی گئے اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے دُکھ سُکھ میں شریک ہونا اولین ترجیح ہے۔









