اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ آج دنیا بھر میں یوم حق خودارادیت بھرپور انداز سے منایا جا رہا ہے، 5جنوری 1949کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ قرار داد منظور کی تھی۔
بدھ کو یوم حق خودارادیت کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے ا نہوں نے کہا کہ بھارت سے کہا گیا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت کا موقع فراہم کرے، کشمیر کامسئلہ اقوام متحدہ میں خود بھارت لے کر گیا تھا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ سے عہد کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دے گا،کشمیر کے بے گناہ مگر غیور عوام نے بھرپور جذبے سے تحریک چلائی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا بدترین سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، عالمی برادری نے بھارت پر زور دیا کہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے، مسئلے کا کوئی ایسا حل نکالا جائے گا جو تمام فریقن کےلئے قابل قبول ہو گا۔









