تاج محل

بھارت، تاج محل سمیت دیگر یادگاریں بند رکھنے کا حکم

نئی دہلی (رپورٹنگ آن لا ئن )بھارتی شہر آگرہ میں عالمی وبا کورونا کے کیسز کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر تاج محل سمیت دیگر یادگاریں بند رکھنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یونین منسٹر ٹورازم، کلچر نے تمام یادگاریں سیاحوں کیلئے کھولنے کا اعلان کیا تھا تاہم آگرہ کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے تاج محل، آگرہ فورٹ سمیت دیگر یادگاریں تاحکم ثانی بندرکھنے کا حکم دیا ہے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آگرہ کا کہنا ہے کہ 4 دنوں میں آگرہ میں کورونا کے55 نئیکیسز رپورٹ ہوئے، تاج محل سمیت دیگر یادگاریں کھولنے سے کورونا وائرس مزید پھیلنے کا خطرہ ہے۔

بھارت میں ایک دن میں 24 ہزار 800 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق سامنے آئی ہے۔بھارت میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ ایک دن کے دوران 600 سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔بھارت میں عالمی وبائی مرض سے اب تک 6 لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 19 ہزار 303 اموات ہوچکی ہیں۔