کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران سندھ حکومت کے جواب جمع نہ کرانے پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔
گزشتہ روزسندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ حکومتِ سندھ کے افسران جواب نہیں دیتے، یہ افسوس ناک صورتِ حال ہے۔عدالتِ عالیہ نے وکلا سے بھی استفسار کیا کہ اس حوالے سے حکومت کی جانب سے جواب کیوں نہیں جمع ہو رہا؟سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ اس عدالت میں جو جو سرکاری وکیل پیش ہوتا ہے وہ کہاں ہے؟ روز آنے والے سرکاری وکیل کو تو سب پتہ ہے مگر جواب نہیں دیا جا رہا۔
جسٹس امجد سہتو نے کہا کہ سادہ سی بات ہے کہ جواب جمع ہو کہ مہنگائی کیوں ہے، اس طرح وقت ضائع ہو رہا ہے۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ متعلقہ محکمے کو لکھ دیا ہے، جواب مل جائے گا۔درخواست گزار محمود اختر نقوی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ایک برس سے آئینی درخواست دائر ہے، وفاق اور سندھ حکومت دونوں اس معاملے پر جواب دینے کو تیار نہیں۔









