منعم ظفرخان 53

بنو قابل پروگرام سے کراچی کے 75 ہزار نوجوانوں نے کورسز کیے: منعم ظفر خان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں ،ان کو مواقع کی فراہمی اور رہنمائی کی ضرورت ہے ،الخدمت ان نوجوانوں مواقع کے ساتھ رہنمائی بھی فراہم کررہی ہے ۔ بنو قابل پروگرام نوجوانوں کی امید کا مرکز بن چکا ہے ۔ یہ بات انہوں نے ادارہ نورحق میں الخدمت کے فری آئی ٹی کورسز پروگرام بنو قابل 5.0 کے اسپرنگ سیشن کے انٹرویوز کیمپ کا دورہ کے دوران گفتگو میں کہی ۔اس موقع پر ایگز ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی ،انجینئر عبد العزیز اور بنو قابل کے ذمہ داران ان کے ہمراہ تھے ۔

الخدمت کی جانب سے شہر کے ساتوں اضلاع میں 13 مقامات پر انٹرویوز کا اہتمام کیا گیا ،جس میں ہزاروں لڑکے اور لڑکیوں نے شرکت کی ۔ جامعہ ملیہ ملیر کے انٹرویوکیمپ میں رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے کیمپ کا دورہ کیا، طلبہ سے ملاقات وگفتگو کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا ۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ خوشی ہے کہ الخدمت نے بنو قابل 5.0 کا آغاز کردیا ہے ،الخدمت نے حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق ان فری آئی ٹی کورسز کا 2022 میں آغاز کیا تھا ،آج الحمد اللہ اس پروگرام سے 75ہزار نوجوان پاس آٹ کرچکے ہیں ،ملک بھر کے 12 لاکھ نوجوان اس پروگرام سے جڑ چکے ہیں ۔ہزاروں نوجوان ،کورسز کرکے اپنے شاندار مستقبل کی جانب قدم بڑھا چکے ہیں ،انہوں نے کہا الخدمت اس وقت 30 کورسز کروارہی ہے اور اس کیلئے شہر میں 50سے زائد آئی ٹی ٹریننگ سینٹر قائم کیے ہیں ،جہاں صبح سے رات10 بجے تک کورسز کروائے جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اپنی صلاحیتوں کا آئی ٹی کے میدان میں استعمال کرکے اپنے مستقبل کو روشن بنائیں ۔نارتھ کراچی میں انٹرویوز سے قبل منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگز یکٹو الخدمت اور بنو قابل پاکستان کے چیئر مین نوید علی بیگ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی کل آبادی کا 60فیصدہیں ،انہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ،نوجوان ملک کا اثاثہ اور ان مستقبل ہیں ، ملک کے مستقبل کو کیسے نظرانداز کیا جا سکتا ہے ۔کراچی کے ہزاروں نوجوان بنو قابل 5.0اسپرنگ سیشن کے ساتھ جڑ رہے ہیں ،آج جدید ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہو چکا ہے جن قوموں نے جدید ٹیکنالوجی حاصل نہ کی وہ پیچھے رہ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت نے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو فری آٹی ٹریننگ کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کورسز کو سال بھر میں تین سیشن تک پھیلا دیا ہے تاکہ نوجوان اپنی سہولت کے ساتھ آئی ٹی کورسز کرسکیں۔دریں اثنا نوید علی بیگ نے ادارہ نورحق میں قائم انٹرویوکیمپ کا دورہ کیا ،انہوں نے طالبات سے ملاقات کی اور انہیں کورس میں شمولیت پر مبارکباد دی اور ان کا حوصلہ بڑھایا ۔ جامعہ ملیہ ملیر میں انٹرویو سیشن کے دورہ کے موقع پر رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے اپنی گفتگو میں کہا کہ الخدمت کی کاوشوں کا سراہا اور کہا کہ بنو قابل پروگرام سے نوجوانوں کا مستقبل وابستہ ہے ،نوجوان اس پروگرام سے بھر پور فائدہ اٹھائیں ۔*

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں