سرفراز بگٹی 38

بلوچستان میں مسنگ پرسنز کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کردیا گیا ہے،سرفراز بگٹی

کوئٹہ (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مسنگ پرسنز کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کر دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس اور میرٹ کے ذریعے سے ہی ہم بلوچستان کی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کر کے ان کو ریاست کے ساتھ جوڑ سکتے ہیں۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں گورننس کی بہتری کے لیے ہم نے بلوچستان کابینہ کے اجلاس میں دو نئے ڈویڑن پشین اور کوہ سلیمان بنانے کی منظوری دے دی ہے،

ساتھ ہی مزید ڈیویڑن اور اضلاع بنانے پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف لوگوں نے مسنگ پرسنز کے ایشو پر صرف سیاست چمکائی، ریاست کو مورد الزام ٹھہرایا اور ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی ہم نے پہلی دفعہ اس کا حل نکالا ہے۔انہوںنے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس مشتبہ افراد سے تفتیش کے لیے قانونی فریم ورک موجود ہے،

اب لاپتہ افراد کا الزام ریاست پر نہیں ڈالا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے ہم سرکاری ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل شروع کرنے جا رہے ہیں، جعلی ڈگری ہولڈرز کے خلاف ایف آئی آر اور سخت قانونی کارروائی ہوگی، اس عمل کا آغاز ڈیرہ بگٹی اور نصیرآباد سے ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں