کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گورنر کا سیاسی کردار نہیں ہوتا،اگر وہ کر رہے ہیں تو کوئی منع بھی نہیں کرسکتا، گورنرسندھ نے اپوزیشن کے کہنے پربلدیاتی بل کوواپس بھیجا، اسمبلی میں وہی بل لائے جس پرسب سے مشاورت کی تھی ،اپوزیشن نے اپنی ترامیم اسمبلی میں پیش نہیں کیں۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی قانون پرسب سے مشاورت کی اورتجاویزلیں، سمجھ سے باہرہے بلدیاتی قانون پراپوزیشن والےکیا چاہتے ہیں۔ مرادعلی شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ محترمہ بےنظیربھٹودکی برسی پر27 دسمبرکوجلسہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کے کورونا اقدامات کا فائدہ سب کو ہوا ،کورونا کے کیسزکی شرح ایک فیصد ہے جبکہ ہلاکتیں بھی کم ہوگئی ہیں۔
وزیراعلی سندھ نے کہاکہ کراچی کے فیصلے لاڑکانہ سے کرنےکی باتیں لسانیت نہیں تو کیا ہے ؟ مجھے سیہون کے عوام نے منتخب کیا،پورے صوبے کا وزیراعلی ہوں، میں نے کہا تھا ہم اکثریتی جماعت ہیں،قانون سازی کاحق ہے، اپوزیشن کواقلیت کہنے پر وہ آگ بگولہ ہوگئے، اپوزیشن کواقلیت کہا تووہ سمجھے انہیں غیرمسلم کہہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہنگامہ آرائی اورگالم گلوچ میں ماہر ہے، ہم نہیں جیت سکتے ،افراتفری اورگالم گلوچ پر اپوزیشن کوشاباشی ملتی ہے، میری باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہاہے، میں نےاپوزیشن کوکہاتھا لسانی باتیں نہ کریں، اپوزیشن نے لسانی باتیں کیں۔