خرم دستگیر خان 16

بلاول بھٹو میں وزیراعظم بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے’خرم دستگیر خان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو میں وزیراعظم بننے کے لیے پوٹینشل موجود ہے،بلاول بھٹو وہ شخصیت ہیں جن کا ابھی بھی پارلیمان پر یقین برقرار ہے اور انہوں نے سال 2018ء کے بعد بہت سیکھا ہے، ان کی ہر تقریر اور گفتگو پہلے سے بہتر ہوتی ہے۔

ایک انٹر ویو میں انہوںنے بلاول بھٹو سے اپنی ایک حالیہ ملاقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ مئی 2025ء کی پاک بھارت جنگ کے بعد دنیا میں پاکستان کا موقف اجاگر کرنے کے لیے بلاول بھٹو کی سربراہی میں جانے والے سفارتی وفد میں بھی وہ شامل تھے اور اس سفر کے دوران انہوں نے کافی وقت ساتھ گزارا جس کی وجہ سے دونوں میں قربت بڑھی۔میرے نزدیک بلاول بھٹو کا بہت اعلی مقام ہے تاہم جب تک صوبہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی جڑیں پیدا نہیں ہو جاتیں بلاول بھٹو وزیراعظم بنتے دکھائی نہیں دیتے،سیاست بڑی بے رحم ہے کیوں کہ جمہوریت میں لوگوں کو گنا کرتے ہیں تولا نہیں کرتے۔

نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں نئے صوبے نہ بنانے کی بات میں کوئی منطق نہیں کیونکہ سندھ اگر وہاں رہنے والوں کی دھرتی ماں ہے تو پنجاب میری بھی دھرتی ماں ہے لیکن سوال یہ نہیں ہے بلکہ سوال یہ ہے کہ کروڑوں پاکستانیوں کی زندگیاں بہتر کرنی ہیں یا نہیں؟خرم دستگیر خان نے کہا کہ 18ویں ترمیم کا واضح نتیجہ یہ ہے کہ صوبائی حکومتیں مقامی حکومتوں کو مضبوط نہیں کر سکیں اور حالات یہ ہیں کہ صوبوں کے اندر بھی مختلف علاقوں کے درمیان گہرا فرق ہے۔خرم دستگیر خان نے کہا کہ پاکستان میں بلدیاتی نظام صوبائی حکومت کے انگوٹھے کے نیچے ہوتا ہے اور سال 2018ء میں پی ٹی آئی نے ہزاروں بلدیاتی نمائندوں کو محض ایک دستخط کے زریعے معطل کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ نظام کی خرابی کو نظام کی درستگی ہی ٹھیک کر سکتی ہے۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں